کراچی پولیس پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات، انکوائری کا امکان

کراچی(بولونیوز)کراچی پولیس کے بعض اہلکاروں اور افسران پر منشیات کے مقدمات اور برآمدگی سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ذرائع اور مختلف دعوؤں کے مطابق ضلع ویسٹ کے تھانہ مومن آباد میں 7 اپریل 2026 کو درج ایک مقدمے کے دوران منشیات کی برآمدگی اور بعد ازاں اس کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مقدمہ نمبر 182/26 کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی طور پر پولیس نے ایک گاڑی سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم بعد میں درج ریکارڈ میں برآمد شدہ مقدار کے بارے میں مختلف تفصیلات سامنے آئیں، جس پر اب تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اسی طرح بعض غیر مصدقہ دعوؤں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ برآمد شدہ منشیات کی بڑی مقدار کے حوالے سے بعد ازاں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سطح پر اجلاسوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہدایات دی جا رہی ہیں، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے پولیس کے اندرونی احتساب کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کی جانب سے ان الزامات پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کی جا سکتی ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں میں شفافیت اور سخت نگرانی انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *