قرضے حکمران لیں اور واپس عوام کریں، یہ ظلم ہے، حافظ نعیم الرحمان

کراچی(بولونیوز)حافظ نعیم الرحمان، امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ قرضے حکمران لیتے ہیں اور ان کی واپسی عوام سے کروائی جاتی ہے، جو سراسر ظلم ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہو رہے اور یونیورسٹی روڈ پوری دنیا میں مذاق بن چکی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے کام کر رہی ہے اور میئر کراچی کے خلاف عدم اعتماد لانے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ جماعت اسلامی 25 اپریل سے ملک بھر میں ممبر سازی مہم بھی شروع کر رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جب تک موجودہ نظام قائم رہے گا ملک میں بہتری نہیں آئے گی۔ پٹرولیم لیوی پر عدالت کو ازخود نوٹس لینا چاہیے، جماعت اسلامی پٹرولیم لیویز کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے آئی پی پیز کے معاہدوں کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بجلی پیدا ہی نہیں ہوتی، اس کے پیسے عوام سے وصول کیے جا رہے ہیں۔ حکمران اقتدار میں آکر ملک کے بجائے اپنے مفادات کے تحفظ کے معاہدے کرتے ہیں، جس کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کروڑوں بچے اسکول سے باہر ہیں اور تعلیم کے نام پر آؤٹ سورسنگ جیسے اقدامات عوام دشمن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو 100 ملین ڈالر بھی مل جائیں تو اشرافیہ ہڑپ کر لیتی ہے۔

عالمی امور پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی پالیسیاں خطے میں بدامنی کا باعث ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کو امریکا کی مجبوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ اور ایران نے امریکی طاقت کو کمزور کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات میں پاکستان کا کردار اہم ہے اور پاکستان و سعودی عرب کے دفاعی معاہدوں میں ترکیہ اور ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *