کچلاک بائی پاس پر ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ، دو حملہ آور ہلاک، دو اہلکار زخمی
کوئٹہ(بولونیوز)کچلاک بائی پاس کے علاقے میں فرنٹیئر کور بلوچستان کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے دوران دو حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ فورسز کے دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔


