ایرانی ریال کی قدر میں غیر معمولی اضافہ، پاکستانی مارکیٹ میں طلب بڑھ گئی
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث روپے کے مقابلے میں اس کی قدر چند ہفتوں کے دوران چار گنا تک بڑھ گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاک ایران سرحدی تجارت میں ممکنہ وسعت اور امریکہ و ایران کے درمیان جاری سفارتی سرگرمیوں کے بعد شہریوں میں یہ توقع پیدا ہوئی ہے کہ ایرانی ریال کی قدر مزید بڑھ سکتی ہے، جس کے باعث اس کی خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں ممکنہ کشیدگی اور آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت سے متعلق خدشات کے باعث مالی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر کرنسی میں سرمایہ کاری خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو کسی بھی مالی فیصلے سے قبل معاشی حقائق اور ماہرین کی رائے کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔


