حکومتِ پنجاب کی دو سالہ کارکردگی پر آئی پی او آر سروے رپورٹ جاری
لاہور(بولونیوز)انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) نے حکومتِ پنجاب کی دو سالہ کارکردگی پر مبنی عوامی سروے رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت پر عوامی اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
سروے کے مطابق 69 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کی ترقی کو درست سمت میں گامزن قرار دیا۔ عوامی رائے میں 32 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو “آؤٹ اسٹینڈنگ” جبکہ 31 فیصد نے “گڈ” قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کی اکثریت بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے متاثر نظر آئی۔ سروے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں 42 فیصد عوامی مقبولیت حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
آئی پی او آر کے مطابق 56 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، جبکہ 55 فیصد افراد نے کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
عوامی سروے میں وزیراعلیٰ کا “ستھرا پنجاب پروگرام” 33 فیصد کے ساتھ سرِفہرست رہا، جبکہ وویمن ویلفیئر و پروٹیکشن (30 فیصد)، پبلک ٹرانسپورٹ (29 فیصد) اور ایجوکیشن (27 فیصد) کو بھی نمایاں شعبے قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ 26 فیصد افراد نے امن و امان اور 25 فیصد نے انفراسٹرکچر کی بہتری کی نشاندہی کی۔
سروے میں مجموعی طور پر 7 ہزار شہریوں کی رائے شامل کی گئی، جن میں 50 فیصد خواتین اور 50 فیصد مرد شامل تھے۔ 18 سے 40 سال کی عمر کے 69 فیصد افراد نے حکومتِ پنجاب کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق 65 فیصد افراد نے پنجاب کو ترقی کی درست سمت پر گامزن قرار دیا، جبکہ 56 فیصد افراد نے سینی ٹیشن اور بلدیاتی خدمات پر اطمینان ظاہر کیا۔ سروے میں شامل افراد میں 57 فیصد کا تعلق دیہی جبکہ 43 فیصد کا شہری علاقوں سے تھا۔
آئی پی او آر سروے میں صفائی کے نظام میں بہتری، صحت و تعلیم میں اصلاحات، مہنگائی میں ریلیف، پبلک ٹرانسپورٹ اور بسنت کی بحالی جیسے اقدامات پر بھی عوامی رائے کا جائزہ لیا گیا۔


