سکھر میں فرسٹ ایئر انٹر امتحانات کی فیس کا آن لائن پورٹل ناکارہ، طلبہ و والدین پریشان

سکھر(بولونیوز)فرسٹ ایئر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی فیس جمع کرانے کا آن لائن پورٹل گزشتہ رات سے مبینہ طور پر ناکارہ ہو گیا ہے، جس کے باعث طلبہ اور والدین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق آن لائن پورٹل کام نہ کرنے کی وجہ سے فیس جمع نہیں ہو پا رہی، جبکہ آج شام 5 بجے بینک ٹائم ختم ہو جائے گا، جس سے متعدد طلبہ کے امتحانی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ سکھر بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی غفلت یا بینک کی لاپرواہی کے باعث کئی طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب بعض اسکولوں پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ من مانی امتحانی فیس وصول کر رہے ہیں، جبکہ انٹری امتحانی سلپ کے نام پر بھی فی طالبعلم اضافی رقم ہیڈ ماسٹرز کی جانب سے لی جا رہی ہے۔

طلبہ، والدین اور تعلیمی ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آن لائن پورٹل بحال کیا جائے، فیس جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع دی جائے اور مبینہ بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *