اسلام آباد میں ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری، ریڈ زون اور اہم شاہراہیں بند رہیں گی

اسلام آباد(بولونیوز) ٹریفک پولیس نے شہر میں مختلف اوقات کے لیے ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کشمیر چوک، کلب روڈ سے سرینگر ہائی وے تک زیرو پوائنٹ کی جانب ٹریفک بند رہے گی، جبکہ سرینگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک بھی بند ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شکرپڑیاں روڈ، چاند تارا چوک سے سیونتھ ایونیو تک بند رہے گی، جبکہ جناح ایونیو خیابان چوک سے بلیو ایریا تک ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ فیصل چوک سے ٹریل 3 تک مارگلہ روڈ اور ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق 11 اور 12 اپریل کے دوران اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ متبادل راستے اختیار کریں، جن میں جی ٹی روڈ سے پشاور اور لاہور جانے والے ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ شامل ہیں۔

اسی طرح بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ استعمال کریں۔ پشاور سے لاہور جانے والی ٹریفک کے لیے ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *