فائرنگ واقعہ اپڈیٹ، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی زخمی کانسٹیبل کی عیادت
کراچی(بولونیوز)فائرنگ کے واقعے کے بعد ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے زخمی پولیس کانسٹیبل عاصم کی عیادت کی۔ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان علاج کے لیے آغا خان ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے زخمی کانسٹیبل سے ملاقات کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل عاصم اس وقت ہوش میں ہے اور بات چیت بھی کر رہا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے ہسپتال میں موجود مضروب کے بھائی اور دیگر اہلِ خانہ و احباب سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز کی ماہر ٹیم سے زخمی کانسٹیبل کی حالت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔
ڈاکٹرز کے مطابق گولی کانسٹیبل عاصم کے ماتھے کی جلد کو متاثر کرتے ہوئے اوپری ہڈی میں فریکچر کا باعث بنی، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے کانسٹیبل کے بہترین علاج و معالجے کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او نیو کراچی ڈویژن، ایس ایچ او تھانہ جوہر آباد اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔


