ایرانی ڈیزل اسمگلنگ،حب روڈ پر خفیہ نیٹ ورک بے نقاب، 17 ہزار لیٹر ڈیزل برآمد

کراچی(بولونیوز) وفاقی حساس ادارے (ایف آئی اے)، کسٹمز اور پولیس نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ حب روڈ پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایرانی ڈیزل اسمگلنگ کا ایک بڑا نیٹ ورک توڑ دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران 17 ہزار لیٹر سے زائد غیر قانونی ڈیزل برآمد کیا گیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ کارروائی سکندر اعظم پیٹرولیم سروس پر قائم خفیہ ڈمپنگ پوائنٹ پر کی گئی، جہاں ایک ہزار گز کے پلاٹ میں زمین دوز ٹینکوں اور خودکار نظام کے ذریعے اسمگل شدہ تیل چھپایا گیا تھا۔ آپریشن ٹیم نے موقع سے تمام اسمگلنگ آلات قبضے میں لے کر متعلقہ پیٹرول پمپ کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔

گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس منظم نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور کارندوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد شہر میں غیر قانونی تیل کی سپلائی روکنا اور مارکیٹ میں ریگولیٹڈ تیل کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *