Category: پاکستان

  • افغان طالبان کا بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں داعش کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا دعویٰ

    کابل/اسلام آباد(بولونیوز)افغانستان میں طالبان کی وزارتِ دفاع کے نائب ترجمان صدیق اللہ نصرت نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فضائیہ نے پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع پشین کے سرانان علاقے اور خیبر پختونخوا کے مختلف مقامات پر داعش کے مبینہ ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

    صدیق اللہ نصرت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ بلوچستان کے علاقے سرانان میں داعش کے ایک مشترکہ مرکز پر فضائی کارروائی کی گئی، جسے ان کے بقول افغانستان میں تخریبی سرگرمیوں اور حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

    طالبان کی وزارتِ دفاع کے مطابق خیبر پختونخوا کے قمبرخیل علاقے میں داعش کے ایک مبینہ مرکز جبکہ چترال کی شاہ سلیم وادی کے گرم چشمہ علاقے میں داعش اور دیگر مسلح عناصر کے ایک اور مشترکہ مبینہ ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ طالبان کا الزام ہے کہ ان مراکز سے افغانستان میں شہریوں اور سکیورٹی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔

    افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کارروائیوں میں داعش کے جنگجوؤں، ان کے سہولت کاروں اور دیگر مسلح عناصر کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا، جبکہ حملے انتہائی درستگی سے کیے گئے اور کسی شہری کے جانی نقصان کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

    تاہم بی بی سی کے مطابق ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی، جبکہ پاکستان کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

    ادھر کوئٹہ سے نمائندے محمد کاظم کے مطابق ضلع پشین میں ڈرون گرنے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کوئٹہ میں ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سرانان کے علاقے میں افغانستان کی جانب سے آنے والے ڈرونز دیکھے گئے، جن میں سے ایک یا دو کو فائرنگ کر کے گرا دیا گیا، جس کے باعث شہری زخمی ہوئے۔

    اسی دوران بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں رات گئے جنگی طیاروں کی پروازوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

    پشاور سے نمائندے عزیز اللہ خان کے مطابق پشاور کے مضافاتی علاقے حسن خیل میں مبینہ طور پر ایک کاپٹر ڈرون گرنے یا تباہ کیے جانے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ حسن خیل تھانے کی حدود میں ڈرون کا ملبہ ملا ہے، جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید نے واقعے کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

  • گلگت بلتستان میں صرف 6 نشستیں، ن لیگ کی ناکامی پر نواز شریف متحرک

    اسلام آباد(بولونیوز)گلگت بلتستان میں محدود نشستیں حاصل کرنے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت متحرک ہو گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انتخابی نتائج کے بعد قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اندرونی سطح پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر پائے جانے والے اختلافات، انتخابی حکمتِ عملی کی خامیوں اور تنظیمی کمزوریوں کی باقاعدہ تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ذمہ داران سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی جائے گی تاکہ ناکامی کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

    پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان میں آئندہ سیاسی حکمتِ عملی کو مؤثر بنانے کے لیے تنظیم نو ناگزیر ہے، جبکہ کارکنان کو متحرک کرنے اور مقامی سطح پر رابطے مضبوط بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کی براہِ راست مداخلت سے پارٹی کے اندر احتساب اور اصلاحات کا عمل تیز ہونے کا امکان ہے، جس کے اثرات آئندہ انتخابات میں دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

  • ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی، فی کلو 67 روپے 33 پیسے سستی

    اسلام آباد(بولونیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی 67 روپے 33 پیسے سستی کر دی گئی ہے، جس کے بعد فی کلو نئی قیمت 241 روپے 43 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

    قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں 11.8 کلوگرام وزنی گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 794 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے، جس سے صارفین کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔

    اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ عوامی حلقوں نے ایل پی جی سستی ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کمی کا فائدہ صارفین تک مکمل طور پر منتقل کیا جائے گا۔

  • عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد(بولونیوز)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ قیمتوں میں عوام کو مزید ریلیف مل سکتا ہے۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے، تاہم حتمی فیصلہ اوگرا کی ورکنگ اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ مقامی مارکیٹ تک منتقل ہونے کا امکان ہے، جس سے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے۔ اس خبر کے بعد عوامی حلقوں میں نئے ریلیف کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

  • آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تنویر الیاس نے پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کر لیں

    اسلام آباد(بولونیوز)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ سیاسی ذرائع کے مطابق تنویر الیاس نے پارٹی قیادت سے اختلافات کے باعث یہ فیصلہ کیا۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری علی شان سونی نے بھی پارٹی سے علیحدگی کے ساتھ ساتھ اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں پارٹی پالیسیوں سے اتفاق ممکن نہیں رہا۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق ان اہم رہنماؤں کی علیحدگی کو پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے آزاد کشمیر میں بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید سیاسی تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ نرخ 5200 روپے کم

    کراچی(بولونیوز)بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازار تک بھی پہنچ گئے ہیں۔ کراچی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 5200 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 19 ہزار 636 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔

    صرافہ ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی نرخ نیچے آئے ہیں، جس سے خریداروں میں وقتی طور پر دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    دوسری جانب فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ چاندی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا رجحان برقرار ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی صورتحال رہی تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید رد و بدل ممکن ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی این ای ڈی یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو

    کراچی(بولونیوز) سید مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو آئینی اختیارات حاصل ہو چکے ہیں اور ان اختیارات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بہبودِ آبادی کی کوآرڈینیشن کے لیے اگر کوئی وفاقی ادارہ قائم کیا جاتا ہے تو اس پر صوبے کو کوئی اعتراض نہیں، تاہم آئین کے مطابق اس کی ایگزیکٹو پاور صوبوں کے پاس ہی رہیں گی۔

    سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں انٹیلی جنس نظام کو بہتر بنانے کے لیے کئی نئے ادارے قائم کیے گئے ہیں، اور وفاق کے ساتھ ساتھ صوبے بھی اپنی سطح پر انٹیلی جنس ادارے بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات کے بغیر خودکش حملوں کو روکنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فی الحال کوئی خاص تھریٹ نہیں، مگر اس کے باوجود حکومت اپنی طرف سے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔

    بجلی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر میں بالخصوص کراچی میں 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبے کو ونڈ اور سولر پاور پر بجلی گھر لگانے کی اجازت نہیں دے رہا، جو ایک ناقابلِ فہم طرزِ عمل ہے۔

  • پنجاب حکومت کا کاہنہ واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان

    لاہور(بولونیوز)پنجاب حکومت نے کاہنہ کے افسوسناک واقعہ میں متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کے لواحقین کو فی کس 20،20 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ زخمی افراد کو فی کس 5،5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

    پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی اور امدادی رقوم کی ادائیگی جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔ حکام کے مطابق متاثرین کے علاج اور بحالی کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

  • افغان طالبان کی جانب سے بلوچستان میں چار ڈرون دراندازی کی کوشش ناکام

    اسلام آباد(بولونیوز) 30 جون کو افغان طالبان کی جانب سے بلوچستان کے سرحدی علاقے میں چار (4) ابتدائی نوعیت کے ڈرون پاکستان میں داخل کرنے کی کوشش کی گئی، جو افغانستان کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی اور معاونت کا تسلسل ہے۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے ان دشمنانہ فضائی پلیٹ فارمز کو بروقت شناخت کر لیا۔ اعلیٰ آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے جدید کاؤنٹر میژرز کے ذریعے تمام چاروں ڈرونز کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ فوری اور مؤثر ردعمل کے باعث دشمن کی یہ مذموم کوشش ناکام ہو گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے اس قسم کی کارروائیاں اپنی مظلوم افغان عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں، جو پہلے ہی ایک جابرانہ نظام کے تحت مشکلات کا شکار ہیں۔ افغان طالبان کو سمجھنا چاہیے کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ دہشت گردی کی سرپرستی ترک کر کے پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کی پاسداری ہی خطے کے مفاد میں ہے۔

    حکام نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان پاکستان کو اشتعال دلانے کی روش پر قائم رہے تو انہیں بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا، جس کی قیمت انہیں بھاری پڑے گی۔

    بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس اور مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے یا عوام کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی مہم جوئی یا سرحد پار اشتعال انگیزی کا جواب آپریشن غضبُ الحق کے تحت تیز، فیصلہ کن اور بھرپور انداز میں دیا جاتا رہے گا۔

  • ایف بی آر نے مالی سال 2026 کا 100 فیصد ٹیکس ہدف حاصل کر لیا

    اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2026 میں مقررہ ٹیکس ہدف سو فیصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 13 ہزار 601 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اس عرصے میں 597 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز ادا کیے گئے، جس کے بعد نیٹ ٹیکس آمدن 13 ہزار 003 ارب روپے رہی۔

    بیان میں بتایا گیا کہ ایف بی آر نے سالانہ 12 ہزار 983 ارب روپے کا مقررہ ٹیکس ہدف مکمل کر لیا ہے۔
    جولائی 2025 سے جون 2026 تک انکم ٹیکس کی مد میں 6 ہزار 645 ارب روپے جمع ہوئے، جبکہ سیلز ٹیکس سے 4 ہزار 731 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی سے 1 ہزار 385 ارب روپے حاصل کیے گئے۔

    اسی طرح پورے مالی سال کے دوران فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 84 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ ایف بی آر حکام کے مطابق یہ کارکردگی ٹیکس نیٹ میں توسیع اور مؤثر وصولیوں کا نتیجہ ہے۔