Category: پاکستان

  • سانحہ جھیل سیف اللہ، (ر) کمانڈر عامر ہندل کے برادر نسبتی نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا

    خیبرپختونخوا(بولونیوز)سانحہ جھیل سیف اللہ میں اہلِ خانہ سمیت جاں بحق ہونے والے پاک بحریہ کے ریٹائرڈ افسر عامر ہندل کے برادر نسبتی نوید چیمہ نے واقعے کو محض حادثہ قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید چیمہ کا کہنا تھا کہ اس سانحے کے پیچھے حکومت کی شدید نااہلی بھی شامل ہے۔ اگر جھیل میں طغیانی اور خطرناک صورتحال تھی تو سیاحوں کو پیشگی آگاہ کیوں نہیں کیا گیا؟ دنیا بھر میں تفریحی مقامات پر حفاظتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر واضح طور پر درج ہوتی ہیں، مگر یہاں نہ لائف جیکٹس فراہم کی گئیں اور نہ ہی کسی قسم کی رہنمائی کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں ایف آئی آر لانچ موجود تھی، مگر اس کے باوجود یہ واضح نہیں کہ کیا تحقیقات ہوئیں۔ متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور مکمل انوسٹی گیشن کروائیں گے کیونکہ اس سانحے میں ان کی تین نسلیں ختم ہو گئیں۔

    نوید چیمہ نے ریسکیو عمل پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جب لاشیں منتقل کر رہی تھی تو راستے میں گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا، جو ایک سنگین غفلت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عامر ہندل کی بیٹیاں اور ایک نواسہ ریسکیو کے وقت سانس لے رہے تھے اور بچے کو سی پی آر دینے کی فوٹیج بھی موجود ہے۔ اگر بروقت اور مؤثر طبی امداد ملتی تو شاید جانیں بچ سکتی تھیں۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ عامر ہندل کا فیملی کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا اور انہیں قتل کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر ہندل کے ایک بھتیجے نے ان کے فارم ہاؤس پر قبضہ کر رکھا تھا اور وہاں مبینہ طور پر نشے کا اڈا قائم کیا گیا تھا، جس کے خلاف عامر ہندل نے آر پی او کو باقاعدہ درخواست بھی دی ہوئی تھی۔

    نوید چیمہ نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں اور دونوں صوبوں کی پولیس مشترکہ انکوائری کرے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

    واضح رہے کہ یکم جولائی کو لاہور سے تعلق رکھنے والے عامر ہندل اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مہوڈنڈ کے علاقے میں واقع جھیل سیف اللہ میں کشتی کی سیر کر رہے تھے کہ کشتی الٹ گئی۔ حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سابق لیفٹیننٹ کمانڈر عامر ہندل، ان کا 20 سالہ بیٹا عبداللہ ہندل، 27 سالہ بیٹی پروا ہندل، 23 سالہ بیٹی رویل ہندل اور پروا ہندل کے دو کمسن بچے شامل ہیں۔

  • اوگرا نے درآمدی آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

    اسلام آباد(بولونیوز)اوگرا نے درآمدی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    اوگرا کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے تین جبکہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے ایک درآمدی کارگو کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس کے صارفین کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 14.94 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 19.52 ڈالر فی ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مئی میں آر ایل این جی کی قیمت 16.98 ڈالر فی ایم بی ٹی یو تھی۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث درآمدی لاگت میں اضافہ ہوا، جس کا اثر مقامی صارفین تک منتقل کیا گیا ہے۔

  • انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر رانا اکرم کے خلاف مقدمہ درج، تفتیش جاری

    لاہور(بولونیوز)نواب ٹاؤن تھانے میں ریٹائرڈ پولیس افسر اور انمول عرف پنکی کے مبینہ شوہر رانا اکرم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ مقدمہ سی سی پی او کی ہدایت پر کی گئی انکوائری کے بعد درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رانا اکرم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم پر شکایت کنندہ کے شوہر پر تشدد کرنے کا بھی الزام ہے، جبکہ 55 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، 8 لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان زبردستی لے جانے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

    مزید یہ کہ ایف آئی آر میں گاڑی لے جانے کا الزام بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ شکایت کنندہ نے ملزم پر اپنے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی کوشش کا الزام بھی لگایا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ ملزم ایک ریٹائرڈ پولیس افسر ہے، اس لیے معاملے کی تفتیش انتہائی احتیاط اور میرٹ پر کی جا رہی ہے۔ نواب ٹاؤن پولیس کے مطابق تمام الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کراچی کے ولیکا اسپتال میں ایڈز پھیلنے کی انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر، ہولناک انکشافات

    کراچی(بولونیوز)ولیکا اسپتال میں نومولود بچوں میں ایڈز (ایچ آئی وی) کے پھیلاؤ سے متعلق انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں اسپتال عملے کی سنگین غفلت کے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتِ صحت کی تیار کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ولیکا اسپتال میں ایک ہی سرنج بار بار استعمال کی گئی، جس کے باعث نومولود بچوں میں ایچ آئی وی پھیلتا رہا۔ رپورٹ کے مطابق 10 سی سی (10cc) کی ایک ہی سرنج مختلف بچوں کو لگائی جاتی رہی۔

    متاثرہ بچوں کے والدین نے اسپتال انتظامیہ پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نرسنگ اسٹاف پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ نرسز سرنج استعمال کے بعد ضائع کرنے کے بجائے اسے بار بار استعمال کرتی رہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے ان الزامات کی تردید نہیں کی، تاہم انفیکشن کنٹرول کے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے نومبر 2025 میں پہلی بار ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی اطلاع دی تھی۔ ابتدائی طور پر 91 کیسز سامنے آئے، جبکہ اب تک اسپتال سے 104 ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ متاثرین میں 95 معصوم بچے اور 9 بالغ افراد شامل ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ اور ڈپٹی نیشنل منیجر انسدادِ ایڈز پروگرام پر مشتمل وفاقی حکومت کی خصوصی ٹیم نے ولیکا اسپتال اور اس کے اطراف کے علاقے پٹھان کالونی کا تفصیلی دورہ کیا۔ ٹیم نے یونین کمیٹی کے عہدیداروں، مقامی رہائشیوں اور متاثرہ بچوں کے والدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔

    تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ پٹھان کالونی میں بڑی تعداد میں لوگ اتائیوں سے علاج کرواتے ہیں، جو ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا ایک اضافی سبب بن سکتا ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم نے ولیکا اسپتال میں ایڈز کے پھیلاؤ کو خالصتاً مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو سخت اقدامات کی سفارش کی ہے۔ رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایک آزادانہ انکوائری کرائی جائے، ذمہ دار اسپتال انتظامیہ اور نرسنگ اسٹاف کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ پٹھان کالونی اور اطراف کے علاقوں میں اتائیوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ معصوم جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • کراچی میں رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 200 لاوارث لاشیں برآمد

    کراچی(بولونیوز) کراچی میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مختلف مقامات سے 13 خواتین سمیت مجموعی طور پر 200 لاوارث لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ لاشیں جنوری سے جون کے دوران شہر کی مختلف سڑکوں، ندی کناروں، جھاڑیوں اور خالی مکانات سے ملی ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جولائی کے ابتدائی چار دنوں میں بھی تین نامعلوم افراد کی لاوارث لاشیں برآمد ہوچکی ہیں، جس پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق جون کا مہینہ سب سے زیادہ تشویشناک رہا، جس میں 48 لاوارث لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں 41 مرد اور 7 خواتین شامل تھیں۔ اسی طرح مئی میں 40، اپریل میں 30 جبکہ مارچ میں 25 لاوارث لاشیں شہر کے مختلف علاقوں سے ملی ہیں۔

    ریسکیو اداروں کے مطابق لاشوں کی شناخت اور وجوہاتِ اموات جاننے کے لیے قانونی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ صورتحال کی فوری اطلاع ریسکیو اور پولیس کو دیں۔

  • کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن معمول کے مطابق جاری

    کراچی(بولونیوز)پاکستان ریلوے کے تحت کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن مجموعی طور پر معمول کے مطابق جاری ہے۔ متعدد اپ ٹرینیں مقررہ وقت پر روانگی کے لیے شیڈول ہیں، تاہم بعض ٹرینوں کی روانگی ڈاؤن ٹرینوں کی تاخیر سے آمد کے باعث متاثر ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 45 اپ پاکستان ایکسپریس کی روانگی مقررہ وقت 14:00 بجے کے بجائے 19:00 بجے، 33 اپ پاک بزنس ایکسپریس کی روانگی 16:00 کے بجائے 19:15 بجے جبکہ 17 اپ ملت ایکسپریس کی روانگی 17:00 کے بجائے 19:30 بجے متوقع ہے۔

    دوسری جانب 47 اپ رحمان بابا ایکسپریس، 41 اپ قراقرم ایکسپریس، 9 اپ علامہ اقبال ایکسپریس، 7 اپ تیزگام، 15 اپ کراچی ایکسپریس، 25 اپ زکریا ایکسپریس، 37 اپ فرید ایکسپریس، 5 اپ گرین لائن، 1 اپ خیبر میل اور 145 اپ سکھر ایکسپریس مقررہ وقت (RT) پر روانگی کے لیے شیڈول ہیں۔

    حکام کے مطابق آپریشنل اور فیلڈ اسٹاف کی مسلسل کاوشوں سے ٹرین آپریشن کو بہتر انداز میں برقرار رکھنے اور تاخیر کو کم سے کم سطح پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    یہ ٹرینوں کی عارضی آمد و روانگی کا شیڈول ہے، آپریشنل صورتحال کے مطابق اوقات میں ردوبدل ممکن ہے۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ سفر سے قبل تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کر لیں۔

  • ایک دفعہ پھرجیت گیا، حکومت کا قوم سے انوکھا مذاق

    اسلام آباد(بولونیوز) حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے ناکافی قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ قیمتوں میں معمولی کمی کے اعلان کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔

    شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے محض چند روپے کم کرنا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ایک بار پھر آئل مافیا کو فائدہ پہنچا ہے جبکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملا۔

    عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کر کے مہنگائی سے نجات دلائے، تاکہ روزمرہ اخراجات میں کچھ کمی آ سکے۔

  • سکیورٹی فورسز نے 50 کلو وزنی آئی ای ڈی ناکارہ بنا کر بڑی تباہی ٹال دی

    بنوں(بولونیوز)بنوں: بنوں میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 50 کلو وزنی آئی ای ڈی ناکارہ بنا کر بڑی تباہی ٹال دی۔ پولیس کے مطابق جانی خیل مین روڈ پر بچکی مارکیٹ کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ایک ڈرم میں نصب بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد کی اطلاع موصول ہوئی۔

    اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے موقع پر پہنچ کر مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 50 کلو وزنی آئی ای ڈی کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔

    واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ ذرائع کے مطابق ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر جماعتِ اسلامی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

    کراچی(بولونیوز) جماعتِ اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لیوی کے نام پر عوام سے ’’بھتہ ٹیکس‘‘ وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جانی چاہیے۔

    حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں محض ایک روپے 97 پیسے کی کمی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود اس کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے مہنگائی میں کمی کے بجائے اضافہ برقرار ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح اور مؤثر کمی کرے، تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ جماعتِ اسلامی کے مطابق اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے اعلان کردہ احتجاج ملک کے مختلف شہروں میں کیا جائے گا، جس میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

  • بادلوں کا راج، شام میں ہلکی بوندا باندی کا امکان

    کراچی(بولونیوز) شہرِ قائد کراچی میں دن بھر بادل چھائے رہنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے اوقات میں بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کراچی میں کسی قابلِ ذکر بارش کے امکانات نہیں ہیں۔ تاہم بادلوں کی موجودگی کے باعث موسم قدرے خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں نمی کا تناسب زیادہ رہ سکتا ہے، جس کے باعث حبس کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔