Category: پاکستان

  • نوشکی میں مسلح افراد کا شاہراہ پر حملہ، متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی

    نوشکی(بولونیوز)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں مبینہ طور پر تقریباً 40 مسلح افراد نے شاہراہ پر حملہ کر کے متعدد گاڑیوں کو روک لیا اور درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے شاہراہ پر مسافروں اور ڈرائیوروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ واقعے کے بعد ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان اور ذمہ دار عناصر کے حوالے سے سرکاری طور پر مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • سنجاوی روڈ پر رابطہ پل دھماکے سے تباہ، آمدورفت معطل

    ہرنائی(بولونیوز)بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سنجاوی روڈ پر واقع طور خام تنگی کے رابطہ پل کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا، جس کے باعث شاہراہ پر ہر قسم کی آمدورفت معطل ہو گئی۔

    علاقائی ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے پل میں مبینہ طور پر بارودی مواد نصب کیا، جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا۔

    واقعے کے بعد ہرنائی سے سنجاوی جانے والی مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے علاقے کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ دھماکے میں ملوث عناصر کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • عباسی شہید اسپتال کی ابتر صورتحال پر جماعت اسلامی کی تنقید، میئر کراچی کو ذمہ دار قرار

    کراچی(بولونیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عباسی شہید اسپتال کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو قرار دیا ہے۔

    عباسی شہید اسپتال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ اسپتال کے ڈاکٹرز کو گزشتہ ڈھائی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس کے باعث وہ اپنے حقوق اور تحفظ کے لیے احتجاج پر مجبور ہیں۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اسپتال کے عملے کو تنخواہیں دینے کے لیے تیار نہیں، جبکہ میئر کراچی کے پاس ڈاکٹرز سے ملاقات کے لیے بھی وقت نہیں ہے۔

    منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عباسی شہید اسپتال کو مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث اسپتال میں چائلڈ او پی ڈی بند ہو چکی ہے اور مختلف شعبے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور اسپتال کو درپیش مالی و انتظامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

  • شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ اورماڑا کے قریب لاپتا، سرچ آپریشن جاری

    اسلام آباد(بولونیوز)شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کمپنی کا کارگو طیارہ بدھ کی شام دورانِ پرواز کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں اورماڑا کے قریب سمندر پر ریڈار سے غائب ہوگیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    پی اے اے کے مطابق کارگو طیارہ KTA1732، بوئنگ 737-400، شام 7 بج کر 12 منٹ پر شارجہ سے روانہ ہوا تھا اور اسے رات 9 بج کر 20 منٹ پر کراچی پہنچنا تھا۔ دورانِ پرواز طیارے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی اور رہنمائی طلب کی، تاہم کچھ ہی دیر بعد اس سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    حکام کے مطابق طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے، جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی شامل ہیں۔

    ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ رابطہ منقطع ہونے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کر دیا گیا، جبکہ پاک بحریہ اور دیگر متعلقہ ادارے اورماڑا کے قریب سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ ضروری مرمت کے بعد شارجہ سے کراچی واپس آرہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

  • صحافی ریحان طارق لاہور ایئرپورٹ سے حراست میں، وجوہات سامنے نہ آ سکیں

    لاہور(بولونیوز)ایئرپورٹ پر صحافی ریحان طارق کو مبینہ طور پر این سی سی آئی اے (NCCIA) نے بیرونِ ملک روانگی کے دوران حراست میں لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق ریحان طارق بیرونِ ملک سفر کے لیے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔

    تاحال ان کی گرفتاری کی وجوہات یا کسی مقدمے کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے بھی کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور حکام کا مؤقف سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • لی مارکیٹ میں 6 سالہ بچے کا قتل، دو روز بعد لاش برآمد، پڑوسی پولیس کے حوالے

    کراچی(بولونیوز)لی مارکیٹ میں 6 سالہ محمد ولی کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مقتول چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور گزشتہ دو روز سے لاپتا تھا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچے کی مسخ شدہ لاش ایک رہائشی عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔ اہلِ علاقہ نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے پڑوسی حمزہ کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    مقتول کے والد، جو پیشے کے لحاظ سے رکشہ ڈرائیور ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اور وہ اپنے بیٹے کی بے رحمانہ ہلاکت پر شدید صدمے میں ہیں۔

    پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ زیرِ حراست مشتبہ شخص سے تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • عظیم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو بچھڑے 10 برس بیت گئے

    کراچی(بولونیوز)پاکستان کی معروف سماجی شخصیت اور انسان دوست عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے 10 برس بیت گئے، مگر دکھی انسانیت کی خدمت کا ان کا مشن آج بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری ہے۔

    عبدالستار ایدھی نے بلا تفریق مذہب، نسل اور قومیت ضرورت مند افراد کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ انہوں نے 1951ء میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے فلاحی خدمات کا آغاز کیا، جو بعد ازاں ایدھی ٹرسٹ کی صورت میں ملک کے سب سے بڑے فلاحی نیٹ ورک میں تبدیل ہوگیا۔

    ایدھی ٹرسٹ آج بھی ایمبولینس سروس، یتیم خانوں، شیلٹر ہومز، ڈسپنسریوں، لاوارث بچوں کی کفالت، میتوں کی تدفین اور دیگر فلاحی خدمات کے ذریعے لاکھوں ضرورت مند افراد کی مدد کر رہا ہے۔

    عبدالستار ایدھی کی انسان دوستی، سادگی اور بے لوث خدمت کا جذبہ آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ ان کی برسی کے موقع پر مختلف سماجی، فلاحی اور سرکاری حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

  • 65 سالہ باریش بزرگ کی سات سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش

    حسن ابدال(بولونیوز)باریش بزرگ کی سات سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش اہل محلہ نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا-تفصیلات کے مطابق سلطان پور حسن ابدال کے رہائشی رحمت اللہ کی سات سالہ بیٹی( م) اپنے ماموں کے گھر لب میل گئی ہوئی تھی جو کھیلنے کے لیے گھر سے باہر نکلی تھی-

    دریں اثنا 65سالہ خان زمان نامی شخص نے خالی پلاٹ میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش میں نازیبا حرکات کیں جنھیں محلے داروں نے چھت سے دیکھا شور شرابا کرنے پر الزام علیہ موقع سے رفو چکر ہو گیا جب کہ بچی سے گھر والوں نے پوچھا جس نے واقعے کی تصدیق کی گھر والے اسے لے کر تھانے آ گئے اور مقدمے کے لیے درخواست دے دی-

    اطلاعات کے مطابق خان زمان نامی شخص نے بچی کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنی ہوس کا نشانہ بنانا چاہا لیکن خالی پلاٹ سے ملحقہ مکان کی چھت سے محلے داروں کے بروقت دیکھنے اور شور مچانے پر موقع سے فرار ہو گیا

    ملزم متاثرہ بچی کے ماموں کے پڑوسی کا کرایہ دار ہے

    تھانہ واہ کینٹ پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 377B کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے-

  • شارع فیصل بلوچ پل پر زیرِ تعمیر ایڈورٹائزمنٹ بورڈ، حفاظتی اقدامات پر سوالات

    کراچی(بولونیوز)شارع فیصل پر بلوچ پل کے قریب انعم اسٹیٹ کے مقام پر ایڈورٹائزمنٹ بورڈ کی تنصیب کا کام جاری ہے، جہاں مزدور مبینہ طور پر مناسب حفاظتی سامان (سیفٹی گیئر) کے بغیر کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    بارشوں کے موسم کے پیشِ نظر شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بورڈ کی تنصیب مقررہ حفاظتی اور تکنیکی معیار کے مطابق نہ ہوئی تو یہ مستقبل میں کسی جانی یا مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

    شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ایڈورٹائزمنٹ بورڈ کا فوری تکنیکی معائنہ (انسپیکشن) کیا جائے، تعمیراتی معیار اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے، اور مزدوروں کے لیے بھی تمام ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بروقت بچا جا سکے۔

  • یومِ شہادت حوالدار لعلک جان شہید (نشانِ حیدر): مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت

    راولپنڈی(بولونیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز؛ ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف؛ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف سمیت مسلح افواجِ پاکستان نے حوالدار لعلک جان شہید (نشانِ حیدر) کی یومِ شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل عزم اور مادرِ وطن کے دفاع میں دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    سن 1999 میں آج کے دن کارگل کے محاذ پر حوالدار لعلک جان شہید نے دشمن کے مسلسل اور شدید حملوں کے باوجود غیر معمولی بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کا دفاع کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے انخلا سے انکار کیا اور آخری سانس تک بے جگری سے لڑتے ہوئے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کیا۔

    مسلح افواجِ پاکستان کے مطابق حوالدار لعلک جان شہید کی لازوال قربانی شجاعت، استقامت اور بے لوث خدمت کی درخشاں مثال ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ ان کی شہادت نے قوم کے دفاعی عزم کو مزید مضبوط کیا اور یہ پیغام دیا کہ وطن کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

    قومی قیادت اور مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔