Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ایران کے صدر سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات، علاقائی امن و استحکام پر تبادلۂ خیال

    تہران(بولونیوز)آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف Field Marshal Syed Asim Munir نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر Dr. Masoud Pezeshkian سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ایرانی صدر نے علاقائی استحکام، مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے مشکل جغرافیائی و سیاسی حالات میں تنازعات کے پُرامن حل اور علاقائی فریقین کے درمیان مفاہمت کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا۔

    اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

    دونوں فریقین نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے عزم کی تجدید کی۔

  • آبنائے ہرمز ایران کے انتظام میں رہے گی، ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف

    تہران(بولونیوز)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے انتظام اور ایرانی شرائط کے تحت چلائی جائے گی۔

    محمد باقر قالیباف نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے چار فریقی مذاکرات سے واپسی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ساتھ آبنائے ہرمز کا انتظام ایران کے ہاتھ میں ہوگا، جبکہ ممکنہ مسائل کے حل کے لیے 30 روزہ رابطہ مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عسکری اور سفارتی میدان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور مذاکرات دراصل جدوجہد کا تسلسل ہیں۔ ان کے مطابق دفاعی قوت سفارت کاری کے لیے راہ ہموار کرتی ہے۔

    قالیباف نے مزید کہا کہ حالیہ مذاکرات کے دوران مختلف امور پر پیش رفت ہوئی، جن میں منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور تیل پر پابندیوں میں نرمی جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی اور دفاعی دونوں سطحوں پر متحرک رہے گا، جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق پالیسی ایرانی خودمختاری کے تحت ہی طے کی جائے گی۔

  • مذاکرات کے باوجود دفاعی تیاریوں میں اضافہ جاری رہے گا، ایرانی وزیر دفاع کا سخت مؤقف

    تہران(بولونیوز) ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ مذاکرات اور تفاہمی مدت کے دوران بھی ملک اپنی فوجی تیاریوں کو ہر میدان میں برقرار رکھے گا اور مزید مضبوط بنائے گا۔

    وزیر دفاع نے اعلیٰ عسکری حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اعلیٰ ترین سطح کی تیاری میں ہیں اور کسی بھی دشمن کی جانب سے غلطی یا نئی جارحیت کی صورت میں سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران بیک وقت مذاکرات کو آگے بڑھانے اور دفاعی تیاریوں کو مضبوط رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ مذاکرات کے دوران کسی بھی بدعہدی کا مناسب اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ 60 روزہ تفاہمی مدت کے دوران بھی دفاعی تیاریوں کو جاری رکھا جائے گا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل حکمت عملی برقرار ہے۔

  • پہلے افغان خلا باز عبدالاحد مومند 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

    جرمنی(بولونیوز)سابق افغان خلا باز عبدالاحد مومند 67 سال کی عمر میں جرمنی میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ کچھ عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے اور بعد ازاں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

    عبدالاحد مومند افغانستان کے پہلے اور واحد خلا باز تھے جنہوں نے 1988 میں سوویت یونین کے “میر” خلائی اسٹیشن کا سفر کیا۔ وہ خلا میں جانے والے پہلے افغان مسلمان بھی تھے۔

    معلومات کے مطابق اپنے تاریخی مشن کے دوران وہ قرآن پاک اپنے ساتھ لے گئے تھے اور خلائی اسٹیشن میں قرآن کی تلاوت بھی کی گئی تھی، جو ان کے مشن کا ایک نمایاں پہلو سمجھا جاتا ہے۔

    مومند 1959 میں افغانستان کے صوبے غزنی کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم غزنی اور کابل میں حاصل کی، جبکہ بعد ازاں سوویت یونین میں ہوا بازی کی تربیت بھی حاصل کی۔

    وہ 29 اگست 1988 کو اپنے خلائی مشن پر روانہ ہوئے اور 7 ستمبر 1988 کو زمین پر واپس آئے۔ اس مشن کی مدت ابتدا میں آٹھ دن تھی تاہم تکنیکی مسائل کے باعث اسے نو دن تک بڑھایا گیا۔

    خلائی مشن کے بعد انہوں نے افغانستان میں مختلف سرکاری اور سائنسی ذمہ داریاں انجام دیں جبکہ 1992 میں خانہ جنگی کے بعد جرمنی منتقل ہو گئے جہاں وہ آخری وقت تک مقیم رہے اور مختلف پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے رہے۔

    عبدالاحد مومند کو افغانستان کی تاریخ میں ایک اہم سائنسی اور قومی شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

  • فرانس میں لوگ شدید گرمی سے مرنے لگے

    پیرس(بولونیوز)برطانیہ سمیت یورپی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، پیر کو درجہ حرارت بلند ترین سطح تک جا پہنچا، فرانس میں گرمی سے 2 بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اے ایف پی کے مطابق فرانس ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری مسلسل ہیٹ ویو کا سامنا کر رہا ہے، ملک کا نصف حصہ اس وقت ریڈ الرٹ کی زد میں ہے، جہاں درجہ حرارت جنوب مغربی شہر بورڈو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ اور دارالحکومت پیرس میں 39 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔

    فرانسیسی محکمہ موسمیات میٹیو فرانس کے مطابق 1947 سے اب تک ریکارڈ کی گئی 51 ہیٹ ویوز میں سے 2 تہائی سال 2000 کے بعد پیش آئیں، جب کہ ان میں سے تقریباً نصف صرف گزشتہ 15 برسوں میں ریکارڈ کی گئیں۔ سائنس دانوں نے واضح کیا ہے کہ بار بار آنے والی شدید گرمی کی لہریں عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) کی واضح علامت ہیں، جو بنیادی طور پر فوسل فیولز کے جلنے سے پیدا ہونے والی آلودگی کے باعث ہو رہی ہے۔

    یورپ کے بڑے حصے پر ہیٹ ویو چھائی رہی اور پیر کے روز متعدد شہروں میں درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، اس دوران فرانس میں کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے، نیز فرانس میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں یا ان کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کی گئی، متعدد ٹرین سروسز بھی بند کر دی گئیں۔

    فرانس ٹی وی کے مطابق مقامی حکام کے مطابق بورڈو کے علاقے میں ہفتے کے اختتام پر 3 معمر افراد (عمر 80 سے 95 سال) ہیٹ ویو سے پیدا ہونے والی صحت کی پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ شدید گرمی سے لڑنے کے لیے اتوار سے پیر تک ساحل کے قریب 13 افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے۔ فرانس میں گزشتہ سال ہیٹ ویوز کے دوران ڈوبنے سے ہونے والی اموات میں 172 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کیوں کہ شہری گرمی سے بچنے کے لیے پانی کا رخ کرتے ہیں۔

  • کینیڈا میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک

    کینیڈا(بولونیوز)یہودی بستی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگیا، جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔کینیڈا کے شہر مانٹریال میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔

    فائرنگ کا یہ واقعہ مانٹریال کی ایک یہودی بستی میں پیش آیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک 34 سالہ پولیس اہلکار بھی شامل ہے جو سال 2021 سے فورس میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا تھا، جبکہ ہلاک ہونے والے دوسرے شہری کی شناخت مائیکل میزراہی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز نے پوزیشن سنبھالی اور جوابی فائرنگ میں مشتبہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

    اس واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ فائرنگ کے محرکات کا پتا لگایا جا سکے۔

  • فرانس میں سڑکوں پر شراب نوشی پر پابندی لگ گئی

    پیرس(بولونیوز)شدید ہیٹ ویو کے باعث فرانس کے نصف سے زائد حصے میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، کیوں کہ ملک بھر میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے بعد متعدد فرانسیسی شہروں نے سالانہ میوزک فیسٹیول کے تحت طے شدہ تقریبات بھی منسوخ کر دی ہیں۔

    اسی دوران فرانسیسی حکام نے سڑکوں پر شراب نوشی پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور مقامی ایونٹ منتظمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق تقریبات میں تبدیلی کریں۔

    فرانس اپنی حالیہ ہیٹ ویو کے دوران اب تک کے سب سے گرم دن کا سامنا کرنے والا ہے، جہاں شدید گرم رات کے بعد جنوب مغربی علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

    ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ شدید موسمی صورت حال 2003 کی ہیٹ ویو جتنی سنگین ثابت ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں تقریباً 15 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    فرانس تاریخی حد تک بلند درجہ حرارت کا سامنا کر رہا ہے، 23 جون کو فرانس بھر میں لاکھوں افراد شدید گرمی کے باعث پسینے میں شرابور ہو کر بیدار ہوئے، اس وقت ملک کی زیادہ تر آبادی انتہائی اور غیر معمولی درجہ حرارت کی زد پر ہے۔

  • امریکا کا ایران کو تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دینے کا فیصلہ، لائسنس جاری

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکا نے ایران کو تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دے دی ہے، جس کے تحت امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد ایران کو مخصوص شرائط کے تحت تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی برآمد کی اجازت ہوگی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام متعلقہ ضوابط اور پالیسی فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔

    امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق لائسنس کا مقصد بعض تجارتی اور ریگولیٹری معاملات کو منظم کرنا ہے، جبکہ اس حوالے سے نگرانی کا نظام بھی برقرار رکھا جائے گا۔دوسری جانب اس پیشرفت کو عالمی توانائی اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ

    زیورخ(بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے۔وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، نے 21 جون 2026 کو سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شرکت کی۔ مذاکرات میں اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    زیورخ ایئرپورٹ پر الوداع

    روانگی کے موقع پر زیورخ ایئرپورٹ پر سوئٹزرلینڈ کے سینئر حکام اور سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم بٹ نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور اہم معاہدوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کا ٹرمپ کو دوٹوک جواب، مقبولیت پر توجہ دینے کا مشورہ

    روم(بولونیوز)اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ “میری مقبولیت آپ کا مسئلہ نہیں”، آپ اپنی مقبولیت پر توجہ دیں۔

    اطالوی وزیراعظم نے ٹرمپ کے اس بیان پر سخت ردِعمل دیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میلونی واشنگٹن کے ساتھ تعلقات بہتر بنا کر اپنی اندرونی مقبولیت بڑھانا چاہتی ہیں۔ جارجیا میلونی نے واضح کیا کہ ان کی سیاست اور عوامی حمایت کسی بیرونی تائید کی محتاج نہیں۔

    جی 7 اجلاس سے متعلق دعویٰ مسترد

    اطالوی رہنما نے مزید کہا کہ ٹرمپ کا یہ کہنا کہ فرانس میں منعقدہ گروپ آف سیون کے حالیہ سربراہی اجلاس کے دوران ایک تصویر کے لیے ان سے “بھیک” مانگی گئی، سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے اس دعوے کو جھوٹ قرار دیا۔

    سفارتی حلقوں میں ردِعمل

    جارجیا میلونی کے سخت مؤقف کے بعد سفارتی اور سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے، جہاں اسے یورپی قیادت کی خودمختاری اور دوٹوک سفارتی رویے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔