Category: انٹرنیشنل نیوز

  • میں نے ایران کو گھٹنوں پر لاکھڑا کیا، وہ گرنے ہی والا ہے، ٹرمپ

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرنے پر کانگریس کی قرارداد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کانگریس کی قرارداد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قرارداد بے وقت اور بے معنی ہے، میں نے ایران کو گھٹنوں پر لا کھڑا کیا ہے، وہ گرنے ہی والا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سینیٹرز نے میرا کام مشکل بنادیا مگر میں یہ کام کسی نہ کسی طرح مکمل کرلوں گا،میں ہمیشہ کام مکمل کرتا ہوں۔واضح رہے کہ امریکی سینیٹ نے 48 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی روکنے سے متعلق مشترکہ قرارداد کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

  • غزہ میں بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا نسل کشی کا حصہ ہے

    جنیوا(بولونیوز)اقوامِ متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا نسل کشی کا حصہ ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر قتل کر رہی ہیں، جو کہ نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن برائے مقبوضہ فلسطینی علاقہ جات و اسرائیل کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے غزہ میں اب تک جاں بحق ہونے والے افراد میں تقریباً 30 فیصد تعداد معصوم بچوں کی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز اور زچگی کے اسپتالوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، جس سے فلسطینیوں کی اگلی نسل کا مستقبل اور نوزائیدہ بچوں کی بقا شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں خواتین میں اسقاطِ حمل اور بچوں میں پیدائشی نقائص کی شرح میں خوفناک اضافہ ہوا ہے۔

    اس کے علاوہ امداد پر لگائی گئی اسرائیلی پابندیوں کے باعث بچے بھوک اور ویکسین کی کمی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔

    کمیشن کے سربراہ سری نواسن مرلیدھرن نے بتایا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے فلسطینی بچوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل بچوں کو قتل اور شدید زخمی کر رہا ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے بچوں کے تحفظ کے ادارے یونیسیف کے مطابق جنگ کے آغاز سے 50 ہزار سے زائد فلسطینی بچے شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ اکتوبر میں نام نہاد جنگ بندی کے بعد سے اب تک اوسطاً روزانہ ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔

    رپورٹ میں یہ ہولناک انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ قتل اور زخمی کرنے کے علاوہ فلسطینی بچوں کو گرفتار کر کے اسرائیلی جیلوں میں شدید تشدد، بدسلوکی اور جنسی استحصال کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

    سابقہ اسیر بچوں نے بتایا کہ انہیں برہنہ کر کے ان کی ویڈیوز بنائی گئیں اور ان کا مذاق اڑایا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق گزشتہ سال کے آخر تک اسرائیلی جیلوں میں قید آدھے سے زیادہ فلسطینی بچوں پر کوئی چارج شیٹ یا مقدمہ تک درج نہیں کیا گیا تھا۔

    تحقیقاتی کمیشن نے ان اسرائیلی فوجی یونٹس کی نشاندہی بھی کر لی ہے جو بچوں پر حملوں میں ملوث ہیں اور اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر یہ تشدد بند کرے۔ کمیشن کے سربراہ نے خبردار کیا کہ بچوں کو نشانہ بنا کر اسرائیل اصل میں فلسطینی قوم کے وجود اور ان کے مستقبل کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    دوسری جانب جنیوا میں اسرائیلی مشن نے اقوامِ متحدہ کی اس رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے “مایوس کن اور جھوٹا پروپیگنڈا” قرار دیا ہے۔

  • شدید گرمی سے بچنے کے لیے سمندر میں نہانے والے 40 افراد ڈوب کر ہلاک

    پیرس(بولونیوز) یورپی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، فرانس میں پارہ 43 ڈگری کو چھو گیا، شدید گرمی کے دوران غیر محفوظ مقامات پر نہاتے ہوئے کم از کم 40 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

    فرانس میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ملکی تاریخ کی سب سے گرم رات ریکارڈ کی گئی، اسی دوران فرانسیسی وزیرِ اعظم سباسٹین لیکرنو نے بتایا کہ 18 جون کے بعد سے ملک بھر میں شدید گرمی سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے 40 افراد ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔

    وزیر اعظم نے اموات کو ایک افسوس ناک آفت قرار دیا، اور کہا یہ اس بحران کے پہلے متاثرین ہیں جس کا ہم سامنا کر رہے ہیں۔ فرانسیسی محکمۂ موسمیات کے مطابق، ملک کے جنوب مغربی علاقے میں منگل کو درجۂ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ (109 فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا تھا۔

  • تہران کی سڑکوں پر رہبر شہید کے جنازے کی تیاری ، بینرز آویزاں کر دیئے گئے

    تہران(بولونیوز)ایران میں رہبر شہید کے جنازے کی تیاریاں عروج پر ہے ،شہیدِ ایران آغا” کے بینرز آویزاں کردیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کی سڑکوں پر رہبر شہید کے نمازِ جنازہ کے عالمی اجتماع کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور پورے شہر میں تعزیتی و انقلابی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

    تہران کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر لگائے گئے ان بینرز پر رہبر شہید کو ’’شہیدِ ایران آغا‘‘ کے معزز عنوان سے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

    اس تاریخی اور عالمی اجتماع کے لیے انتظامیہ اور عوامی حلقوں کی جانب سے ایک خصوصی اور باقاعدہ مرکزی نعرہ بھی جاری کیا گیا ہے۔جنازے کے اس بڑے اجتماع کے لیے مخصوص کیا گیا نعرہ ’’باید برخاست‘‘ (ہمیں اٹھنا ہوگا) مقرر کیا گیا ہے۔

    تہران کی سڑکوں پر آویزاں بینرز پر اس نعرے کی تشریح کرتے ہوئے واضح پیغام درج کیا گیا ہے کہ “ہر صورت ہمیں کھڑے ہونا ہوگا اور ڈٹ جانا ہوگا”۔

    تہران میں اس وقت فضا انتہائی سوگوار ہے اور دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ متوقع ہے جو اس تاریخی جنازے میں شرکت کریں گے۔

  • امریکا ایران کے منجمد فنڈز خود کنٹرول کرے گا، ٹرمپ

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو تاحال کوئی رقم دی گئی نہ ہی ان کے فنڈز ریلیز کیے گئے ہیں۔سوشل ٹروتھ پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائےہرمز میں جہازوں سےکوئی ٹیکس نہیں لیاجارہا، غلط معلومات فراہم کی گئیں تو مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیئےجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے منجمد فنڈز خود کنٹرول کرے گا اور رقم امریکی کسانوں اور فارمرز کو دی جائے گی، امریکی کسانوں سے فنڈز کے بدلے مکئی، گندم اور سویابین خرید کر ایران بھیجی جائےگی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں خوراک کی قلت ہے تمام اشیا صرف امریکا سےخریدی جائیں گی۔

  • چین نے سپر کمپیوٹنگ میں امریکہ سے پہلی پوزیشن چھین لی

    بیجنگ(بولونیوز)سپرکمپیوٹنگ کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت سامنےآئی ہے جہاں چین نے عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چینی سپر کمپیوٹر “لائن شائن” (LineShine) عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آ گیا ہے، جس کی رفتار 2.2 ایکسا فلاپس تک پہنچ گئی ہے۔

    اس سے قبل امریکی سپر کمپیوٹر “ایل کیپٹن” (El Capitan) دنیا کا تیز ترین سپر کمپیوٹر قرار دیا جاتا تھا، تاہم تازہ درجہ بندی میں یہ دوسری پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت چین کی مقامی ٹیکنالوجی، جدید کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر اور سائنسی تحقیق کے شعبے میں بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جو عالمی سپر کمپیوٹنگ مقابلے میں طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔

  • صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تیل کمپنیوں کو پٹرول سستا کرنے کا حکم

    واشنگٹن ڈی سی(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کمپنیوں کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا حکم دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود بڑی تیل کمپنیاں عوام کو سستا پٹرول فراہم نہیں کر رہیں، جس پر صدر ٹرمپ نے سخت ردِعمل دیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ قیمتیں کم نہ کرنا صارفین کے ساتھ کھلی لوٹ مار کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ عالمی منڈی کے رجحان کے مطابق فوری طور پر پٹرول کی قیمتیں کم کریں۔

    انہوں نے مزید ہدایت دی کہ وزارتِ انصاف اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے اور تیل کمپنیوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    صدر ٹرمپ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں جلد از جلد نیچے لائی جائیں تاکہ عام صارفین کو ریلیف مل سکے۔

  • ایران–امریکہ معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

    لندن / نیویارک(بولونیوز) ایران اور امریکہ کے درمیان مبینہ معاہدے کے بعد عالمی منڈی پر مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا واضح رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

    مارکیٹ کی تازہ صورتحال کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت اس وقت 73 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد یہ 77.8 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

    اسی طرح مربان کروڈ کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جو 69 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے امکانات کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام اور قیمتوں میں نرمی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

  • ہاکی پرو لیگ میچ میں پاکستانی پرچم کی غلط نمائش، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی معذرت

    لندن(بولونیوز)انگلینڈ میں منعقدہ ہاکی پرو لیگ میچ کے دوران پاکستانی پرچم کی غلط نمائش کے معاملے پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ معذرت کر لی ہے۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کی ہاکی پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہلیری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کو ایک خط ارسال کیا، جس میں اس غلطی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا۔

    خط میں کہا گیا کہ میچ کے دوران پاکستانی قومی پرچم کی غلط نمائش ایک غیر ارادی غلطی تھی، جس پر ادارہ غیر مشروط معذرت کرتا ہے۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی غلطی نہیں دہرائی جائے گی۔

  • برطانوی وزیرِ اعظم کے بعد لتھوانیا کی وزیرِ اعظم کا بھی استعفیٰ

    برطانیہ(بولو نیوز)یورپی سیاسی منظرنامے میں ایک اور بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ہے۔ برطانوی وزیرِ اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد آج لیتھوانیا کی وزیرِ اعظم اینگا روگینن نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    اینگا روگینن نے منگل کے روز وزارتِ عظمیٰ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اپنے کابینہ کے آخری اجلاس کے دوران الوداعی خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک نہایت مشکل دن ہے۔

    انہوں نے گزشتہ چند مہینوں میں حکومت کو درپیش سنگین چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے دوران حکومت کو کئی سخت اور مشکل فیصلے کرنا پڑے، جن کے اثرات قومی سطح پر محسوس کیے گئے۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق ان استعفوں سے یورپ میں سیاسی بے یقینی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں لتھوانیا کی سیاست میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔