Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • ’ٹرمپ سے تعلقات ٹھیک ہیں، ترکی کو ایف 35 طیارے نہیں لینے دیں گے

    اسرائیل(بولونیوز) وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کو ٹھیک اور مضبوط قرار دیتے ہوئے ترکی کو نشانہ بنایا ہے۔

    ایک انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات ہو سکتے ہیں، تاہم دونوں ممالک ’’ماڈل اتحادی‘‘ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر کے ساتھ میرے تعلقات درست ہیں اور ہمارے پاس اپنے اختلافات کو اتحادیوں کی طرح باہمی احترام کے ساتھ حل کرنے کا طریقہ موجود ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم نے تصدیق کی کہ وہ جلد ہی امریکا کا دوبارہ دورہ کریں گے، تاہم اس دورے کی حتمی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی۔

    ممکنہ دورۂ امریکا کے ایجنڈے سے متعلق سوال پر نیتن یاہو نے ترکی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ انقرہ کو ایف-35 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے خلاف لابنگ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ترکی کو ایف-35 طیارے یا ان کے انجن دیے جانے چاہئیں، کیونکہ اس سے مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے، جو نہ صرف اسرائیلی فضائی برتری بلکہ خطے میں امریکا کے مفادات کے لیے بھی اہم ہے۔

    واضح رہے کہ ترکی، جو امریکا کا نیٹو اتحادی ہے، غزہ پر اسرائیل کی کارروائیوں کا کھل کر ناقد رہا ہے۔ ادھر ٹرمپ رواں ہفتے کے اختتام پر نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے انقرہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔

  • اسمگلنگ کیلیے بنائی گئی خصوصی گاڑی ڈرامائی انداز میں پکڑی گئی

    کویت(بولونیوز) سگریٹ کی اسمگلنگ کرنے کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی گاڑی کسٹمز افسران کو بے وقوف نہ بنا سکی، کروڑوں مالیت کا مال پکڑا گیا۔

    کویت کے نوائیصیب پورٹ سے سگریٹ اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، عملے نے اسمگلنگ کی بنائی گئی مخصوص گاڑی کے ساتھ 481 کارٹن سگریٹ کو بھی قبضے میں لے لیا۔

    کسٹمز حکام کے مطابق بندرگاہ سے باہر جانے والی ایک گاڑی پر اہلکاروں کو شبہ ہوا، جس کے بعد اسے معمول کے مطابق تلاشی کے لیے روکا گیا۔ تلاشی کے دوران گاڑی کے مختلف حصوں میں انتہائی مہارت سے چھپائے گئے سگریٹ کے پیکٹس برآمد ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سگریٹ کے پیکٹوں کی بڑی تعداد گاڑی کے اندرونی پینل، دروازوں، پچھلی نشستوں، فرش، چھت، ایئر کنڈیشننگ ڈکٹوں اور حتیٰ کہ اسپئیر ٹائر رکھنے کی جگہ میں بھی چھپائے گئے تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی کو اسمگلنگ کے مقصد کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔

    کسٹمز حکام کے مطابق سامان چھپانے کا یہ طریقہ انتہائی منظم منصوبہ بندی کا حصہ تھا، جس کا مقصد غیر قانونی کھیپ کو سرحد پار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچانا تھا۔

    واقعے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، ضبطی کی رپورٹ تیار کرکے مقدمہ محکمہ فوجداری تحقیقات کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسمگلنگ نیٹ ورک میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے-

  • سٹی کورٹ کے احاطے سے جنسی زیادتی کا مرکزی ملزم فرار

    کراچی(بولونیوز)سٹی کورٹ میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں جنسی زیادتی کے مقدمے کا مرکزی ملزم جج کا فیصلہ سنتے ہی کمرۂ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ایڈوکیٹ فاران افریدی کے مطابق کیس کے ناقص تفتیشی افسر (آئی او) اسد اشفاق کی عدم موجودگی کے باعث ملزم کو فرار ہونے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر مظلوم کو انصاف دلانے کے بجائے ملزم کو بچانے میں سرگرم رہا اور کمسن لڑکی سے زیادتی کے ملزم کو مبینہ سرپرستی حاصل تھی۔

    ایڈوکیٹ فاران افریدی نے مزید الزام عائد کیا کہ تفتیشی افسر پر مبینہ رشوت وصولی اور ملی بھگت کے سنگین الزامات ہیں۔ ان کے مطابق “پیسوں کے عوض ملزم کو ہر طرح سے بچانے کی کوشش کی گئی، اور مبینہ طور پر ملی بھگت کے تحت عدالت سے فرار کروایا گیا۔ تین پیشیوں کے دوران ایک بار بھی تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ پولیس کے نام پر موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوتی؟”

    متاثرہ بچی کے اہلِ خانہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی ملک میں خواتین کی عزت پامال کرنے والے ملزمان کو اسد اشفاق جیسے مبینہ راشی افسران تحفظ دیتے رہے تو کسی بھی بیٹی کی عزت محفوظ نہیں رہے گی۔ اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ریپسٹ کی سرپرستی کرنے والے تفتیشی افسر اسد اشفاق کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے اور ملزم کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

  • بلدیہ فیکٹری سانحہ کیس: سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری، دو ملزمان بری

    اسلام آباد(بولونیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے بلدیہ فیکٹری سانحہ کیس میں تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے 264 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں سزائے موت پانے والے دونوں ملزمان کو بری کر دیا ہے۔

    عدالتِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا، جبکہ ڈھائی سال بعد سامنے آنے والی نئی کہانی قابلِ اعتماد نہیں۔ فیصلے کے مطابق تاخیر سے سامنے آنے والے بیانات پر انحصار ممکن نہیں، اور عدالتی اعترافِ جرم آزاد شواہد سے ثابت نہ ہو سکا۔

    سپریم کورٹ نے کہا کہ فرانزک شواہد سے کیمیکل کے استعمال کا دعویٰ بھی ثابت نہیں ہو سکا، جبکہ 34 زخمی گواہوں میں سے کسی ایک نے بھی ملزمان کے خلاف بیان نہیں دیا۔ عدالت کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج پیش نہ کیے جانے سے استغاثہ کا مقدمہ مزید کمزور ہو گیا، اور محض قیاس آرائیوں یا عمومی الزامات کی بنیاد پر سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔

    فیصلے میں واضح کیا گیا کہ شک کا فائدہ ملزم کا قانونی حق ہے، لہٰذا محمد زبیر عرف چریا اور عبدالرحمان عرف بھولا کو بری قرار دیا جاتا ہے۔

    عدالت نے مزید حکم دیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف عدالتی ریمارکس حذف کیے جائیں، جبکہ سندھ ہائیکورٹ اور انسدادِ دہشت گردی عدالت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

  • ایس ایس پی محمد سرفراز ورک بطور اے آئی جی آپریشنز پنجاب تعینات

    لاہور(بولونیوز) سول سروسز آف پاکستان کے گریڈ 19 کے سینئر پولیس افسر محمد سرفراز ورک کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کے تحت وفاقی دارالحکومت سے تبادلے کے بعد پنجاب پولیس میں اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ اس حوالے سے انہیں اے آئی جی آپریشنز پنجاب تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محمد سرفراز ورک حال ہی میں جون 2026 میں اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) ہیڈکوارٹرز میں بطور چیف ٹریفک آفیسر (CTO) اپنی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جہاں ان کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔

    محمد سرفراز ورک کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان (PSP) کے 42ویں کامن سے ہے۔ وہ اسلام آباد میں بطور ایس ایس پی سیکیورٹی اور بعد ازاں چیف ٹریفک آفیسر (CTO) خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ نئی تعیناتی کے بعد پنجاب میں آپریشنل امور کی بہتری اور پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

  • سانحہ گل پلازہ کیس میں نیا موڑ، تنویر پاستا سمیت دیگر ملزمان نے پولیس تفتیش کو چیلنج کر دیا

    کراچی(بولونیوز) سانحہ گل پلازہ کیس میں ملزم قرار دیے جانے والے تنویر پاستا اور دیگر نے پولیس تفتیش کو سٹی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔تنویر پاستا اور دیگر نے شیخ جاوید میر، محمود وار ثمرین احتشام ایڈووکیٹس کے توسط سے درخواست دائر کر دی۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایس بی سی اے، کے ایم سی، فائر بریگیڈ کو ملزم بنایا جائے یا تفتیش دوبارہ کی جائے، دوبارہ تفتیش کے لیے حساس اداروں کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ تفتیشی ٹیم بنائی جائے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پولیس نے سرکاری اداروں کی نااہلی کو چھانے کی کوشش کی ہے۔

    وکیل درخواست گزار شیخ جاوید میر کے مطابق 11 سالہ حذیفہ کو دیگر ملزمان کے ساتھ ملزم بنانا قانون کی خلاف ورزی ہے، 11 حذیفہ کا مقدمہ الگ کیا جائے۔

  • ذاتی زمین اور جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں ہوگا، ٹیلی کام بل پر وفاقی وزیر آئی ٹی کی وضاحت

    اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے واضح کیا ہے کہ نئے ٹیلی کام بل کے تحت کسی بھی شہری کی ذاتی زمین یا جائیداد پر زبردستی قبضہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بل کا بنیادی مقصد ملک بھر میں تیز رفتار، معیاری اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ٹیلی کام بل پر عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری تھا، کیونکہ پرانا قانون موجودہ دور کی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت ملک میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے، تاکہ عوام، کاروباری طبقہ اور نوجوان جدید ڈیجیٹل سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ وفاقی وزیر کے مطابق نیا ٹیلی کام بل شفافیت، عوامی حقوق کے تحفظ اور ڈیجیٹل ترقی کے فروغ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

  • غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کیس کی تفتیش میں بڑی پیش رفت

    لاہور(بولونیوز)لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق غیر ملکی خواتین سے زیادتی کرنے والے ملزمان کا ڈی این اے میچ ہوگیا ہے۔ زیادتی کرنے والے ملزمان میں نواز بھی شامل ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملزم نواز نے سب سے پہلے غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور ملزم نواز کے اکسانے پر دیگر ملزمان نے بھی زیادتی کی۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ڈی این اے رپورٹ تفتیش کا حصہ بنا دی گئی ہے اور واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
    واضح رہے کہ غیر ملکی خواتین کے اغوا زیادتی کیس میں ان کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

  • رضا ڈار کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

    کراچی(بولونیوز) شہری عثمان کی مدعیت میں رضا ڈار کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مدعی کے مطابق ملزم کی جانب سے ہٹ اینڈ رن کے واقعے میں اس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا، جس سے تقریباً 3 لاکھ روپے کا مالی نقصان ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق حادثہ یکم جولائی کو شام پونے آٹھ بجے کے قریب ایئرپورٹ کے نزدیک ٹویوٹا موٹرز کے قریب پیش آیا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق مقدمہ ساؤتھ کینٹ پولیس نے درج کر لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

  • بحریہ ٹاؤن پراپرٹیز کی نیلامی کے نوٹس کے خلاف درخواست، سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

    اسلام آباد(بولونیوز) چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی پراپرٹیز کی نیلامی کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔

    ذرائع کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی فائل چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کو بھجوا دی ہے، تاکہ آئندہ کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی پانچ پراپرٹیز کی نیلامی کے لیے 7 جولائی کو نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔ نیب کے نوٹس کے مطابق یہ نیلامی مقررہ تاریخ کو کی جانی ہے، تاہم بحریہ ٹاؤن کی جانب سے اس کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔

    قانونی ماہرین کے مطابق بینچ ٹوٹنے کے بعد کیس کی سماعت میں تاخیر کا امکان ہے، جبکہ آئندہ پیش رفت چیف جسٹس کی ہدایات اور نئے بینچ کی تشکیل سے مشروط ہوگی۔ نیب کی جانب سے جاری نیلامی کے عمل اور عدالتی کارروائی پر تمام فریقین کی نظریں مرکوز ہیں۔