Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • ایران سے جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ

    کراچی(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی۔

    مارکیٹ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 6,713 پوائنٹس کی کمی کے بعد 179,542 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 6 فیصد اضافے کے بعد 78.82 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 74.96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔

    ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں اور توانائی کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

  • لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے قریب سمندر سے برآمد، ریسکیو آپریشن جاری

    کراچی(بولونیوز)شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کمپنی کے ٹو ایئرویز کے لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے تلاش کر لیا ہے۔

    حکام کے مطابق طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے 12 گھنٹے سے زائد عرصے تک سرچ آپریشن جاری رکھا، جس کے بعد طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل جنوب میں سمندر سے برآمد کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

    واضح رہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ گزشتہ رات لاپتا ہو گیا تھا، جس میں پائلٹ سمیت عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔

  • امریکا، کینیڈا اور یورپ میں بھارتی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 افراد گرفتار

    لاس اینجلس(بولونیوز)امریکی محکمۂ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور یورپ میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران بھارتی نژاد جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے 24 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد پر بھارت میں قائم تین بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے وابستگی کے الزامات ہیں۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان گروہوں پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ تحقیقات میں 2023 میں کینیڈا کے صوبہ برٹش کولمبیا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کی مبینہ سازش کا پہلو بھی شامل ہے۔

    لاس اینجلس میں وفاقی استغاثہ کے مطابق یہ گرفتاریاں کئی برس پر محیط تحقیقات کے بعد عمل میں آئیں، جن میں مبینہ بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ ارکان بھی شامل ہیں۔

    ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرانڈی نے کہا کہ کارروائی ایسے بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کی گئی ہے جن پر امریکا اور دیگر ممالک میں تشدد اور جرائم کے ذریعے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے الزامات ہیں۔

    امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق مجموعی طور پر 37 افراد کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی ہے، جبکہ 10 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ فرسٹ اسسٹنٹ امریکی اٹارنی بل ایسلے نے کہا کہ بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 19 دہشت گرد ہلاک، 11 اہلکار شہید

    کوئٹہ(بولونیوز)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران 11 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن این-25 شاہراہ پر جھاؤ کراس اور کرارو کے درمیان کیا گیا، جہاں دہشت گرد مبینہ طور پر مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف تھے۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی جاری رہا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام کی جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

  • بھارت میں ایک 13 سالہ معصوم بچی پر قیامت صغریٰ برپا ہوگئی

    نئی دہلی(بولونیوز)‏محض 13 سالہ معصوم بچی کو رکشہ ڈرائیور نے اغواء کر کے BJP کے وحشی درندوں کے حوالے کر دیا جہاں 30 سے زائد وحشی درندوں نے 5 دن تک لگاتار اس سے زیادتی کی یہاں تک کے پولیس والوں نے بھی بچی کا ریپ کیا۔

    بھارت میں ان 32 درندوں نے پانچ دن تک مختلف مقامات پر ایک معصوم تیرہ سال کی بچی کے ساتھ درندگی کی ہے۔ پکڑے جانے کے بعد عوام غصہ میں ان درندوں پر حملہ اور ہو گئی۔پاکستان میں آخری حل یہی ہے-

  • بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 3 روز میں 54 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی(بولونیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 54 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد حملے ناکام بنا دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور مارے گئے۔ اس کے علاوہ ایک اور حملے میں سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا ہر سطح پر تعاقب کیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

  • وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران ایڈووکیٹ پر مبینہ تشدد، ٹریفک وارڈن سمیت تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور(بولونیوز)لاہور کے علاقے ریس کورس میں وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران ایڈووکیٹ علی رضا پر مبینہ تشدد کے الزام میں ایک نامزد ٹریفک وارڈن اور دو نامعلوم اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق ایڈووکیٹ علی رضا اپنی اہلیہ اور 11 سالہ بیٹے کے ہمراہ اپر مال روڈ پر جا رہے تھے کہ غوثیہ مسجد کے سامنے ٹریفک وارڈنز نے ان کی گاڑی کو زبردستی روک لیا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹریفک وارڈن عقیل شعیب نے گاڑی کے شیشے پر مکا مارا۔

    ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ جیسے ہی ایڈووکیٹ علی رضا گاڑی سے باہر نکلے تو ٹریفک وارڈن عقیل شعیب اور دو نامعلوم اہلکاروں نے مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کی وکالتی یونیفارم پھٹ گئی اور ہاتھ زخمی ہو گیا۔

    مدعی کے مطابق موقع پر موجود شہریوں نے مداخلت کر کے معاملہ ختم کرایا، جس کے بعد وہ اپنی فیملی کے ہمراہ وہاں سے روانہ ہو گئے۔

    پولیس نے ایڈووکیٹ علی رضا کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں ٹریفک وارڈن عقیل شعیب اور دو نامعلوم اہلکاروں کے خلاف اختیارات سے تجاوز سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • سی پی ایل سی نے جون 2026 کے جرائم کے اعدادوشمار جاری کر دیے، اسٹریٹ کرائم بدستور بڑا چیلنج

    کراچی(بولونیوز)سی پی ایل سی نے کراچی میں جون 2026 کے دوران ہونے والے جرائم کے اعدادوشمار جاری کر دیے، جن کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کے واقعات بدستور شہریوں کے لیے بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جون کے دوران شہر بھر سے موبائل فون چھیننے کے 1,689 واقعات رپورٹ ہوئے، یعنی روزانہ اوسطاً 56 سے زائد شہری موبائل فون سے محروم ہوئے۔ اسی عرصے میں 2,419 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، جبکہ 374 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر چھین لی گئیں، جس کے مطابق روزانہ اوسطاً 80 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری ہونے کا انکشاف ہوا۔

    سی پی ایل سی کے اعدادوشمار کے مطابق جون میں 101 گاڑیاں چوری اور 8 گاڑیاں چھیننے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جبکہ قتل کے 40 مقدمات درج کیے گئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون کے دوران بھتہ خوری کے 9 مقدمات سامنے آئے، جبکہ اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

    سی پی ایل سی کے مطابق کراچی میں شہریوں سے لوٹ مار، موبائل فون اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ تشویش کا باعث ہے، جس سے اسٹریٹ کرائم پر مؤثر قابو پانے کی ضرورت مزید اجاگر ہو گئی ہے۔

  • میئر کراچی نے ریٹائر ملازمین میں پنشن بقایاجات کے چیکس تقسیم کر دیے

    کراچی(بولونیوز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریٹائر ملازمین کا دیرینہ مسئلہ حل کرتے ہوئے پنشن بقایاجات کے چیکس تقسیم کر دیے۔ اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں تقریب منعقد ہوئی۔

    تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر ابرار جعفر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے ریٹائر ملازمین میں 38 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پنشن بقایاجات کے چیکس تقسیم کیے۔

    اس موقع پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ تمام مسائل انہیں ورثے میں ملے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی شہری حکومت ریٹائر ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب موجودہ انتظامیہ نے ذمہ داریاں سنبھالیں تو تقریباً 11 ارب روپے کے واجبات ادا کرنا باقی تھے، جن میں سے اب تک 6 ارب روپے سے زائد کے واجبات ادا کیے جا چکے ہیں۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ عوام دوست پالیسیوں کے باعث آج ملازمین کو ان کے جائز واجبات ادا کیے جا رہے ہیں، جو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا حصہ ہے۔

  • کمسن بچے سے زیادتی اور قتل کیس، وزیراعلیٰ سندھ کو پولیس رپورٹ پیش، ملزم گرفتار

    کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کمسن بچے سے زیادتی اور قتل کے واقعے سے متعلق پولیس کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو مقتول بچے کا پڑوسی ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ نپیئر میں درج کر لیا گیا ہے اور وہ خود کیس کی تفتیش کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا اور پولیس ٹیم نے مؤثر کارروائی کی۔

    آزاد خان نے کہا کہ مقتول بچے کے ورثا کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ساؤتھ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندان سے مکمل تعاون کیا جائے، انہیں ہر مرحلے پر اعتماد میں رکھا جائے اور کیس کی تفتیش شفاف انداز میں مکمل کی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے مزید ہدایت کی کہ کیس کی تفتیش اور پراسیکیوشن کو مضبوط بنایا جائے تاکہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم بچے کے ساتھ پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے میں کسی قسم کی غفلت یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔