انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نقل کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد طلباء کے خلاف کارروائیاں

لاہور(بولونیوز)انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران نقل کے رجحان کی روک تھام کے لیے وزیرِ تعلیم پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ اسکواڈ کی کارروائیاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیموں نے مختلف اضلاع کے امتحانی مراکز کی سرپرائز چیکنگ کی، جن میں لاہور، مظفرگڑھ، چکوال، بھکر اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

کارروائیوں کے دوران ٹیم ممبران عثمان مہر، سکندر خان اور طلحہ صابر نے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور امتحانات کی شفافیت کا جائزہ لیا۔ مظفرگڑھ اور مبارک پور کے امتحانی مراکز میں 3 طلباء کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جن کے خلاف UMC کیسز بھی درج کر لیے گئے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بہل کے ایک گورنمنٹ بوائز کالج میں بھی ایک طالب علم کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا اور اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے مانیٹرنگ اسکواڈ کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفاف امتحانات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مانیٹرنگ کا دائرہ مزید وسیع اور سخت کیا جائے تاکہ نقل کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *