آئی جی سندھ کی کراچی چیمبر آمد، امن و امان اور معاشی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال
کراچی(بولونیوز) میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایوان ہائے صنعت و تجارت کراچی (KCCI) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں ان کا تاجر برادری اور چیمبر کے عہدیداران نے پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر تقریب میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان حنیف، سابق صدر زبیر موتی والا، سینئر وائس پریذیڈنٹ محمد رضا، وائس پریذیڈنٹ محمد عارف لاکھانی، چیئرمین امن و امان کمیٹی محمد اکرم رانا سمیت دیگر عہدیداران، جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی سٹی اور ایس ایس پی میڈیا اینڈ پی آر بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں تاجر برادری نے سندھ خصوصاً کچے کے علاقوں میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خلاف اقدامات پر آئی جی سندھ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کراچی میں سیکیورٹی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کیا۔
تاجروں نے شہر میں ٹریفک مسائل، تجاوزات، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال، اور دیگر شہری مسائل پر تفصیلی گفتگو کی، جس پر آئی جی سندھ نے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اور تاجر برادری کے درمیان ہمیشہ بہترین تعاون رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے، خصوصاً کچے کے علاقوں میں امن و امان کا قیام اور تمغۂ امتیاز کا حصول پوری فورس کی محنت کا نتیجہ ہے، جسے وہ اپنے شہداء کے نام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور شہر کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، جبکہ پولیس چیف کی قیادت میں شہر میں جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں میں آپریشن نجاتِ مہران کے ذریعے ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں، اور حکومت سندھ کے تعاون سے ان علاقوں کو ترقی دینے کے لیے اسکول، پولیس چوکیاں اور ویٹرنری اسپتال قائم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب کوئی نو گو ایریا موجود نہیں اور ریاست کی عملداری ہر جگہ قائم ہے، جبکہ ہائی ویز کو مکمل طور پر محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ عوام اور تاجر بلا خوف سفر کر سکیں۔
آئی جی سندھ کے مطابق گزشتہ چار ماہ میں ایک ہزار سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ مسئلہ نوجوان نسل کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس، بغیر نمبر پلیٹ اور ٹمپرنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہیوی گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب کے ذریعے سڑکوں کو مزید محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر کراچی چیمبر کے صدر ریحان حنیف نے آئی جی سندھ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔


