سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اے کا انسدادِ تجاوزات آپریشن تیسرے روز بھی جاری
کراچی(بولونیوز)کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 اور 13 میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے انسدادِ تجاوزات آپریشن تیسرے روز بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی بھاری مشینری کے ساتھ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی وجوہات کے باعث پہلے تعطل کا شکار رہنے والا آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات ہے۔
آپریشن کے دوران سرکاری زمینوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور متعدد غیر قانونی ڈھانچے مسمار کر دیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ آصف جان صدیقی نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی آخری حد تک جاری رہے گی۔
ڈی جی کے ڈی اے کے مطابق سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔


