پاکستان نیوی بھارتی ائیرکرافٹ کیریئر کو نشانہ بنانے کے لیے تیار تھی، نیول چیف کا بیان

کراچی(بولونیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نیوی بھارتی ائیرکرافٹ کیریئر کو نشانہ بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار تھی، تاہم بھارتی بحریہ نے اپنے محفوظ سمجھے جانے والے علاقوں تک محدود رہ کر کارروائی کی۔

ایڈمرل نوید اشرف نے یہ بیان پی این ایس خیبر کی پاک نیوی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بحری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ پاکستان کے اسٹریٹیجک محلِ وقوع اور اہم بحری و توانائی راہداریوں کی حفاظت کے لیے مضبوط بحری قوت ضروری ہے، اور نیوی کو جدید ترین پلیٹ فارمز اور خصوصی ٹیکنالوجیز سے لیس کیا جا رہا ہے جو دشمن کے انفراسٹرکچر اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتی ہیں۔

پی این ایس خیبر جیسے جدید جہازوں اور آئندہ آنے والی ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت پاکستان نیوی کی جدیدیت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

نیول چیف نے پی این ایس خیبر کے عملے کو نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ملکی سمندری حدود کے دفاع اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا عزم دہرایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *