دواخانے میں خاتون سے زیادتی کی کوشش کا الزام، ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ گرفتار
لاہور(بولونیوز)سوشل میڈیا پر متنازع شہرت رکھنے والے ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ ایک بار پھر خبروں کی زد میں آ گئے ہیں، تاہم اس مرتبہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت اختیار کر گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حکیم شہزاد کے خلاف ایک خاتون ٹک ٹاکر کی شکایت پر زیادتی کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے صلح کے بہانے انہیں اپنے دواخانے بلایا، جہاں ملاقات کے دوران مبینہ طور پر زبردستی کرنے کی کوشش کی گئی۔ مزاحمت پر خاتون کے کپڑے پھاڑنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں زیادتی کی کوشش سمیت دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ حکیم شہزاد لوہا پاڑ، مرحوم ٹی وی میزبان عامر لیاقت کے حوالے سے شہرت حاصل کرنے والی دانیہ شاہ کے شوہر ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف تنازعات اور ذاتی معاملات کے باعث زیرِ بحث رہ چکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔


