پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی بھی مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد(بولونیوز)سی پی پی اے نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پر کل سماعت ہوگی۔ درخواست کے مطابق بجلی ایک ماہ کے لیے فی یونٹ 1 روپے 64 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
اگر یہ اضافہ منظور ہو گیا تو صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، اور اس کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔
سی پی پی اے کے مطابق فروری میں 7 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو 7 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ یونٹس فراہم کی گئیں۔ فراہم کردہ بجلی کی لاگت 8 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے 15 پیسے فی یونٹ اور ریفرنس لاگت 6 روپے 73 پیسے فی یونٹ رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی کے نرخوں میں اضافہ ناگزیر ہو سکتا ہے، جس سے عوامی بجٹ پر اثر پڑے گا۔


