کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر شاہراہ فیصل پر ایمرجنسی کیمپ قائم
کراچی(بولونیوز) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 28 اور 29 مارچ کو کراچی میں بارش متوقع ہے، جس کے پیش نظر سندھ حکومت نے شہر میں ہنگامی انتظامات کر دیے ہیں۔
شاہراہ فیصل پر ایمرجنسی ریسکیو کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں ریسکیو اور امدادی ٹیمیں 24 گھنٹے الرٹ رہیں گی۔ بارش کے دوران پھنسنے والے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ریسکیو مشینری بھی موجود رہے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔
سندھ حکومت کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور ممکنہ نقصان سے بچاؤ کے لیے کیے گئے ہیں، اور شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


