پی ٹی آئی کے بچوں نے پاکستان کے خلاف کچھ نہیں کہا، بیرسٹر گوہر کا موقف
اسلام آباد(بولونیوز) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بچوں نے جنیوا میں پاکستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی ایسا کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ نواز شریف اور عطا تارڑ کو پاناما لیکس کے حوالے سے حساب دینا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ کے لیڈر مری میں کس سے ملاقاتیں کرتے تھے اور بھارت نے کلبھوشن کیس میں نواز شریف کا بیان عالمی عدالت میں استعمال کیا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فتنہ پھیلانے کے لیے باپ اور پھوپھیاں کم تھیں، اب بیٹے کو بھی لانچ کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قاسم خان نے ریاست پاکستان کے خلاف دوسرا 9 مئی کیا اور اس سازش میں بھارت اور بی ایل اے بھی شامل ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ 2019 میں قاسم خان دودھ پیتے بچے تھے جب ان کے والد مخالفین کو جیلوں میں ڈال رہے تھے، اس وقت انسانی حقوق کا ذکر کیوں نہیں ہوا؟


