آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی روٹری کلب کے سالانہ اجلاس میں شرکت
کراچی(بولونیوز)انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے روٹری کلب کی جانب سے “چیلنجز آف گورننگ سندھ” کے عنوان سے منعقدہ سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس میں روٹری کلب کراچی کی صدر نائلہ مسعود، اعزازی سیکریٹری ذوہیر علی شریف سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں سندھ کو انتظامی اعتبار سے درپیش چیلنجز، مختلف جمہوری ماڈلز، انتظامی انفرااسٹرکچر اور دیگر اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ آئی جی سندھ نے سندھ پولیس کے اغراض و مقاصد، انفرااسٹرکچر، جدید اور عوام دوست پولیسنگ، امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام میں پولیس کے کردار پر جامع بریفنگ دی۔
جاوید عالم اوڈھو نے عالمی سطح پر بالخصوص برصغیر میں پولیسنگ کے قیام، اس کی تاریخ، جدت، تقابلی جائزے اور مستقبل کی ٹیکنالوجی بیسڈ پولیسنگ پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا بنیادی مقصد جرائم کی روک تھام اور امن و امان کا قیام ہے، جبکہ ٹیکنالوجی بیسڈ جدید پولیسنگ مستقبل کا مؤثر حل ہے۔
آئی جی سندھ کے مطابق سندھ پولیس تیزی سے ٹیکنالوجی بیسڈ پولیسنگ کی جانب گامزن ہے، جس کی واضح مثالیں ای چالاننگ اور سیف سٹی پراجیکٹ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ پولیس کا کرائم ڈیٹیکشن ریٹ کئی عالمی شہروں سے بہتر ہے۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے پولیسنگ کے انتظامی و آپریشنل امور سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے، جبکہ اراکین نے جرائم اور منشیات کے خلاف سندھ پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مشترکہ کوششوں اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کو تعریفی سند اور اعزازی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔


