گزشتہ ایک ہفتے میں پولیس کی کامیاب کارروائیاں، جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن
کراچی(بولونیوز)پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پولیس کے مطابق کراچی میں گزشتہ ہفتے پولیس اور ملزمان کے درمیان مجموعی طور پر 28 مقابلے ہوئے، جن کے دوران 2 ڈکیت ہلاک جبکہ 28 زخمی ڈاکوؤں سمیت 41 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
کراچی پولیس نے ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 896 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی، جن میں 31 کلو 58 گرام چرس، 1 کلو 675 گرام آئس/کرسٹل اور ہیروئن شامل ہے۔
اسی دوران گرفتار ملزمان سے 93 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس نے ایک ہفتے کے دوران 31 موٹرسائیکلیں اور ایک بڑی گاڑی بھی تحویل میں لے لی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔


