حرمین شریفین میں 15 ہزار سے زائد افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے
مکہ مکرمہ/مدینہ منورہ(بولونیوز) رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی حرمین شریفین میں اعتکاف کا بابرکت سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سعودی عرب میں ماہِ رمضان کے 20ویں روزے کے ساتھ ہی اعتکاف کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس کے لیے 15 ہزار سے زائد افراد نے خود کو رجسٹرڈ کروایا۔
انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ معتکفین کے لیے الگ مقامات، سہولیات اور نظم و ضبط کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عبادت گزار یکسوئی کے ساتھ عبادات انجام دے سکیں۔
آخری عشرے میں لیلۃ القدر کی تلاش کے پیش نظر معتکفین اور معتمرین نوافل، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور دعاؤں میں خصوصی طور پر مشغول ہو گئے ہیں۔ روحانی ماحول میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین اس بابرکت موقع سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عبادت گزاروں کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اور طبی انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں۔


