ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی میں ایس ایس پی مہزور علی کی زیر صدارت اہم اجلاس
کراچی(بولونیوز) ایس ایس پی مہزور علی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ڈسٹرکٹ کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ہیڈ محرر صاحبان نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، سنگین جرائم کی نوعیت، زیرِ سماعت مقدمات کی پیش رفت، تفتیش کے معیار اور قانونی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور افسران کو واضح و مؤثر ہدایات جاری کی گئیں۔
خصوصی طور پر عادی، اشتہاری اور مفرور ملزمان، جن میں ڈکیتی، راہزنی اور گاڑیوں سے متعلق جرائم میں ملوث عناصر شامل ہیں، کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی حکمت عملی ترتیب دینے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں سی پی ایل سی سے متعلق جرائم، دستیاب ڈیٹا کے مؤثر استعمال، غیر رپورٹ شدہ جرائم کی نشاندہی اور عوامی اعتماد میں اضافے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ماہِ رمضان المبارک کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے، پولیس گشت میں اضافہ، حساس مقامات پر کڑی نگرانی، روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ و سرچ آپریشنز، اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔


