غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار

کراچی(بولونیوز) ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں علمدار حسین اور ارم اصغر شامل ہیں، جنہیں کلفٹن کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان بغیر لائسنس غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 45 ہزار 300 کینیڈین ڈالر اور 28 ہزار 400 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم علمدار حسین ایک بین الاقوامی کمپنی سے منسلک ہے اور کراچی میں اس کمپنی کے لیے کام کرتا تھا۔

ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *