سندھ پولیس کی کارروائی، بغدادی میں پولیس مقابلہ، مسلح ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار
کراچی(بولونیوز)ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے بغدادی میں دورانِ پیٹرولنگ پولیس اور مسلح ڈکیت کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ بغدادی کے علاقے عیدولین، دفتر انجمن بلوچاں کے قریب پیش آیا، جہاں مشتبہ موٹر سائیکل سوار ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث ملزم زخمی ہو گیا، جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ساجد علی عرف عاطف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔


