تھانہ ڈیفنس پولیس کا دورانِ چیکنگ ملزمان سے مقابلہ، ایک زخمی، ایک گرفتار، ایک فرار

کراچی(بولونیوز) تھانہ ڈیفنس پولیس نے دورانِ چیکنگ سی آر روڈ فٹبال گراؤنڈ کے قریب مشتبہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں جبکہ دوسرا ملزم بلا ضرب گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

گرفتار زخمی ملزم کی شناخت گلزار علی عرف گلزاری ولد ناصر خان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزم محمد احمد ولد محمد بشیر ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت اختر شیر ولد نامعلوم کے طور پر کی گئی ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز اور ایک 70 سی سی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ فرار ملزم اختر شیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *