رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

پشاور(بولونیوز) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں کل بروز بدھ 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مرکزی کمیٹی کو خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ اور اسلام آباد سے چاند دیکھنے کی 21 شہادتیں موصول ہوئیں، جبکہ زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کی جانب سے بھی 6 شہادتیں جمع کر کے مرکزی کمیٹی کو ارسال کی گئیں۔

بعد ازاں چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے اور کل پہلا روزہ رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں یہ حتمی فیصلہ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *