اس ہفتے تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے اشاریوں کا جائزہ لیں گے، وزیر پیٹرولیم
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی قیمتوں کے اشاریوں کا جائزہ لے گی، جس کے بعد آئندہ لائحۂ عمل طے کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں بیان دیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے واضح کیا کہ حکومت نہ تو کسی مخصوص شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلے زمینی حقائق اور عالمی مارکیٹ کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک کے مطابق وزیراعظم اب تک ڈیزل کی قیمت میں 200 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر کمی کر چکے ہیں۔ انہوں نے دہرایا کہ اس ہفتے عالمی منڈی میں قیمتوں کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق عوامی ریلیف اور معاشی توازن کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں قیمتوں سے متعلق پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


