مریم نواز کا خیبرپختونخوا کے بچوں پر اظہارِ افسوس، پنجاب کی ترقی کا حوالہ

گجرات(بولونیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچے اب بھی “پتھر کے زمانے” میں رہ رہے ہیں اور وہاں کے حالات تشویشناک ہیں۔ ان کے مطابق، خیبر پختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار اور دماغ میں گالی ہے، جبکہ پنجاب کے بچے لاکھوں کی تعداد میں تکنیکی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 13 سال گزرنے کے باوجود کے پی کے میں ترقی اور شعور کی کوئی اہمیت نہیں دی گئی، اور لوگوں کو ترقی کا تصور بھی نہیں معلوم۔ انہوں نے کہا: “انتشار خیبرپختونخوا کے بچوں کا نصیب نہیں ہو سکتا، ٹوٹی سڑکیں اور بدتمیزی ان کا مقدر نہیں ہو سکتیں۔”

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناتے انہیں افسوس ہے کہ خیبرپختونخوا کے بچے بنیادی سہولیات اور تعلیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پنجاب کے بچوں کی طرف دیکھیں اور ترقی کی طرف قدم بڑھائیں۔

مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ جو بیمار ہے، اس کے لیے علاج اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کو کسی بھی قسم کی کمی کا سامنا نہیں اور انہیں مناسب کھانا اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے ہونا چاہیے، لیکن ذاتیات اور انتشار کو سیاست میں لے کر نہیں آنا چاہیے، اور پاکستان میں فتنہ، گھراؤ اور آگ لگانے جیسی حرکتیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *