سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام، 12 خوارج ہلاک، 11 اہلکار شہید

باجوڑ(بولونیوز) باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ کارروائی کے دوران 12 خوارج ہلاک جبکہ 11 بہادر اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 فروری 2026 کو باجوڑ ضلع میں قائم مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر ردِعمل نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ناکامی پر دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔

شدید دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں وطن کے 11 سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔ دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم کسی بھی خارجی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور جامِ شہادت نوش کرنے والے 11 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے جوانوں کی جرات کو سلام، اور شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *