سندھ پولیس کے ملازمین کے لیے میڈیکل سہولیات میں خصوصی رعایت
کراچی(بولونیوز)سندھ پولیس کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت التمش جنرل ہسپتال، کلفٹن بلاک ون میں پولیس اہلکاروں کو طبی سہولیات پر خصوصی رعایت فراہم کر دی گئی ہے۔ ساوتھ زون پولیس کی درخواست پر ہسپتال انتظامیہ نے سندھ پولیس کے ملازمین کے لیے 35 فیصد ڈسکاؤنٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ رعایت او پی ڈی (ڈاکٹر فیس اور مشاورت)، ایکس رے اور مختلف لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات پر حاصل کی جا سکے گی۔ پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات کم خرچ میں فراہم کرنا ہے۔
رعایت حاصل کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ملازمین کو اپنا کارآمد سروس کارڈ پیش کرنا ہوگا یا پھر پولیس ڈیپارٹمنٹ کا آفیشل ریفرل لیٹر ساتھ لانا لازمی ہوگا۔
پولیس اہلکاروں نے اس سہولت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں طبی سہولیات پر رعایت ان کے لیے بڑا ریلیف ہے۔


