لاہور میں جشنِ بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منانے کی اجازت، پولیس الرٹ جاری

لاہور(بولونیوز)لاہور پولیس نے جشنِ بسنت کے حوالے سے شہریوں کو الرٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جشنِ بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو ہی منایا جائے گا، جبکہ پتنگ بازی صرف ان مقررہ تاریخوں میں ہوگی۔ خرید و فروخت کا سلسلہ کل سے شروع ہوگا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر رواں ماہ 1316 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 1237 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، جن میں 28 غیر قانونی پتنگ و ڈور بنانے والے، 197 فروخت کنندہ اور 1152 اڑانے والے شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 81 ہزار سے زائد پتنگیں اور 1422 چرخی و ممنوعہ ڈور برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بسنت کے دوران صرف ساڑھے چار کھٹی پتنگ اور ڈیڑھ تاوا گڈا اڑایا جائے، کاٹن دھاگے کی ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی جبکہ جان لیوا دھات تار، نائلون، کیمیکل اور شیشہ لگی مانجے پر مکمل پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں 3 سے 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے، اور مینوفیکچررز، سیلرز اور استعمال کنندگان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

لاہور پولیس نے شہریوں کو قانون کی پاسداری کی ہدایت کی اور کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے سیفٹی راڈز کی تنصیب بھی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کے دوران تعاون کریں تاکہ یہ تہوار محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *