بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت تسلی بخش، آنکھوں کا طبی معائنہ اور کارروائی مکمل

اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آنکھوں کے ماہرین نے اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی آنکھوں کا معائنہ کیا تھا، جس کے بعد طبی ماہرین نے معمولی طبی کارروائی کے لیے انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کرنے کی سفارش کی۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق طبی ماہرین کی سفارش پر گزشتہ ہفتے کی رات بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو پمز لے جایا گیا، جہاں ان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی چیئرمین کی تحریری رضامندی کے بعد تقریباً 20 منٹ پر مشتمل طبی کارروائی انجام دی گئی، جس کے بعد انہیں ضروری طبی ہدایات کے ساتھ واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ طبی کارروائی کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت مند تھے اور ان کی مجموعی صحت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام قیدیوں کو قوانین کے مطابق طبی سہولیات تک رسائی حاصل ہوتی ہے، اور بانی چیئرمین کو فراہم کی گئی سہولت بھی جیل رولز کے عین مطابق تھی۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ مذکورہ طبی کارروائی ماہرین کی سفارش اور بانی چیئرمین کی رضامندی سے کی گئی، اور اس حوالے سے کسی قسم کی بے ضابطگی نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ بانی چیئرمین کی صحت کے حوالے سے کوئی تشویشناک صورتحال ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *