غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانوں کے خلاف کمشنری نظام نے کارروائی روک دی

کراچی(بولونیوز)محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات کے باوجود کمشنری نظام نے شہر میں غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانوں کے خلاف آپریشن روک دیا ہے۔ شہر میں تقریباً 7 ہزار سے زائد غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانیں قائم ہیں، جن میں زیادہ تر دکانیں رہائشی علاقوں میں موجود ہیں، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت بڑے سانحے کا خدشہ برقرار ہے۔

سروے کے مطابق منگھوپیر، گڈاپ، شاہ لطیف، ملیر، کیماڑی، بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، سہراب گوٹھ، شاہ فیصل کالونی، اولڈ سٹی ایریا، لائنز ایریا، پٹیل پاڑہ اور کورنگی میں غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانیں جگہ جگہ موجود ہیں، جو کمشنری نظام کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر رہی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے گیس سلنڈر دھماکوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا تھا، لیکن کراچی کے کسی بھی ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے عمل شروع نہیں کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کمشنری نظام سنجیدہ نہیں اور لگتا ہے کہ وہ کسی بڑے سانحے کا انتظار کر رہا ہے۔

کچھ عرصہ قبل نمائشی طور پر کارروائیاں کی گئی تھیں، تاہم اعلیٰ حکام کا دعویٰ ہے کہ جلد غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانوں کے خلاف مکمل ایکشن لیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *