انڈونیشیا پاکستان سے 40 سے زائد جنگی طیارے خریدنے کے قریب

انڈونیشیا(بولونیوز)پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں انڈونیشیا پاکستان سے 40 سے زائد جنگی طیارے خریدنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔

تین پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان ایئر فورس کے سربراہ سے ملاقات کی، جس میں جنگی طیاروں اور ڈرونز کی فروخت پر مشتمل ممکنہ دفاعی معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک ذریعے نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ مذاکرات کا مرکز پاکستان کے تیار کردہ JF-17 تھنڈر جنگی طیاروں کی انڈونیشیا کو فروخت رہا۔ دیگر دو ذرائع کے مطابق بات چیت اعلیٰ سطح تک پہنچ چکی ہے اور مجوزہ معاہدے میں 40 سے زائد JF-17 طیاروں کے ساتھ ساتھ ڈرونز کی خریداری بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق انڈونیشیا پاکستان کے تیار کردہ شہپر ڈرونز میں بھی گہری دلچسپی رکھتا ہے، تاہم ترسیل کے شیڈول یا معاہدے کی مدت سے متعلق کوئی تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی برآمدی معاہدہ ہوگا، جس کے تحت پاکستان پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں جنگی طیارے اور ڈرونز کسی دوست ملک کو فراہم کرے گا۔

یہ ممکنہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی صنعت کے لیے بڑی کامیابی سمجھا جا رہا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور عسکری تعاون کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *