کراچی میں شدید سردی کی لہر برقرار، درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا
کراچی(بولونیوز)شہرِ قائد میں ایک اور شدید سرد صبح ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت نمایاں حد تک کم ہو گیا۔ کراچی کے مضافاتی علاقوں گڈاپ، کاٹھور اور اطراف میں درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ بحریہ ٹاؤن اور قریبی علاقوں میں 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات اور نجی موسمیاتی ذرائع کے مطابق شہر کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں درجۂ حرارت 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح شہر کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں بھی ٹھنڈ محسوس کی جا رہی ہے، جہاں درجۂ حرارت 9 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہے۔
واضح رہے کہ یہ درجۂ حرارت مختلف سرکاری اور نجی ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں، جن میں کراچی ویدر نیٹ ورک بھی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق شہر میں آئندہ روز بھی سرد صبح متوقع ہے، تاہم بدھ سے سردی کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا امکان ہے۔


