ایس ایس پی کی جانب سے کرسمس ڈے پر کرسچن کمیونٹی سے ملاقات، سیکیورٹی ہدایات جاری
جامشورو(بولونیوز)ایس ایس پی ظفر صدیق چھانگا نے کرسمس ڈے کے موقع پر ضلع کی کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایس ایس پی نے کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور بین المذاہب ہم آہنگی، امن و رواداری کے فروغ پر زور دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کرسمس ڈے کے دوران چرچز اور اطراف میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور سخت رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ پولیس افسران کو حکم دیا گیا کہ چرچز، رہائشی علاقوں اور آمد و رفت کے راستوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے اور سنیپ چیکنگ کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔
ایس ایس پی جامشورو نے کہا کہ اقلیتی برادری کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور کرسمس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں نے پولیس کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ضلع جامشورو پولیس امن و امان کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔


