بھارتی فلم دھریندر میں پیپلز پارٹی کی ریلی اور شہید بینظیر بھٹو کی تصاویر دکھانے کے خلاف درخواست پر سماعت
کراچی(بولونیوز) بھارتی فلم ’دھریندر‘ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصاویر دکھانے کے معاملے پر عدالت نے فلم کے رائٹر، پروڈیوسر اور اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے اس حوالے سے ایس ایچ او درخشاں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ رپورٹ 16 دسمبر تک عدالت میں جمع کرائی جائے۔
یہ درخواست پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن عامر کھوسو کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بھارتی فلم میں پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصاویر کا استعمال قابلِ اعتراض اور توہین آمیز ہے، جس پر قانونی کارروائی ضروری ہے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت مقررہ تاریخ کو کی جائے گی۔


