کراچی میں رمضان کے دوران پیشہ ور گداگر آزاد گھوم رہے ہیں، ہزاروں گرفتاریاں بھی ناکام
کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی پیشہ ور گداگروں کی بھرمار ہوگئی ہے، جو ٹولیوں کی شکل میں گلی محلوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر پھیل گئے ہیں اور شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
یہ گداگر زیادہ ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ انتظامیہ کی متعدد کارروائیوں کے باوجود یہ لوگ دوبارہ سڑکوں پر آ جاتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے بتایا کہ شہر کے مصروف چوراہوں اور مارکیٹوں میں گداگری کی روک تھام کے لیے متعدد کارروائیاں کی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران 4 ہزار بھکاریوں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا اور جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ مسئلہ قوانین کی کمزوری ہے، کیونکہ گرفتار گداگر جرمانہ ادا کر کے دوبارہ سڑکوں پر واپس آ جاتے ہیں۔ انتظامیہ نے وعدہ کیا ہے کہ گداگری کے خلاف سخت اقدامات اور قانون میں اصلاحات کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو رمضان کے دوران سہولت میسر ہو سکے۔


