اڈیالہ جیل میں عمران خان کو دستیاب سہولیات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
اسلام آباد(بولونیوز)سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اڈیالہ جیل کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے کمپاؤنڈ میں 7 سیلز ہیں اور 30 سے 35 قیدی رکھنے کی گنجائش ہے۔ کمپاؤنڈ کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری ہے، جبکہ 35/37 کے لان میں وہ بیٹھ کر کتابیں اور اخبارات پڑھ سکتے ہیں اور دھوپ سینک سکتے ہیں۔ ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین اور دیگر جم کا سامان بھی دستیاب ہے۔
غذائی سہولیات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ اور چیا سیڈز لیتے ہیں، جبکہ مسمی اور انار کا جوس بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغ، مٹن، سلاد، مکس اچار، آلوچپس، انڈہ فرائی اور مکس دال شامل ہیں۔ شام کو انہیں بادام، کشمش، پسا ہوا ناریل، دودھ، کھجور، کیلے اور سیب کا شیک دیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو صبح سے شام تک قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی رسائی بھی فراہم کی جاتی ہے، اور انہیں محفوظ اور بہتر کلاس کا ماحول مہیا کیا گیا ہے۔
یہ رپورٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے تین صفحات پر مشتمل ہے اور عدالت میں جمع کرائی گئی۔


