سندھ اسمبلی میں ڈی جی ٹی او ترمیمی بل کے خلاف قرارداد لانے کا اعلان
کراچی(بولونیوز)سندھ اسمبلی میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) کے قانون میں مجوزہ ترمیم کے خلاف قرارداد لانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
رکنِ سندھ اسمبلی، آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر اور کراچی ٹمبر مرچنٹس گروپ کے جوائنٹ سیکریٹری سجاد علی سومرو نے ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے Directorate General of Trade Organizations (DGTO) کے قانون میں مجوزہ ترمیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اقدام کے خلاف سندھ اسمبلی میں باقاعدہ قرارداد پیش کریں گے۔
اپنے بیان میں سجاد علی سومرو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اور زونل چیمبرز آف کامرس تاجروں، صنعتکاروں اور چھوٹے و متوسط درجے کے کاروباری طبقے کی نمائندہ آواز ہیں۔ ان کے انتخابی نظام کو محدود کرنے کی کسی بھی کوشش کو جمہوری اقدار کے منافی اور تاجروں کے حقِ نمائندگی پر براہِ راست حملہ تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سو سے زائد ڈسٹرکٹ چیمبرز مقامی سطح پر کاروباری مسائل کے حل، پالیسی سازی میں شمولیت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگر ان کے اختیارات یا نمائندگی کو کمزور کیا گیا تو اس کے منفی اثرات براہِ راست چھوٹے تاجروں اور مقامی صنعتکاروں پر مرتب ہوں گے، جس سے معاشی عدم توازن پیدا ہوگا۔
سجاد علی سومرو کا کہنا تھا کہ کسی بھی قانون سازی سے قبل متعلقہ چیمبرز، تاجر تنظیموں اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مکمل اور بامعنی مشاورت ناگزیر ہے۔ یکطرفہ فیصلے نہ صرف جمہوری روایات کے خلاف ہیں بلکہ اس سے کاروباری برادری میں بے چینی بھی بڑھے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ اسمبلی کے فورم پر تاجروں کے جمہوری حقوق، خودمختاری اور مؤثر نمائندگی کے تحفظ کے لیے ہر آئینی اور پارلیمانی راستہ اختیار کیا جائے گا، جبکہ تاجر برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے حقوق کے دفاع کے لیے متحد رہیں۔


