فوڈ اتھارٹی کی بھینس کالونی میں بڑی کارروائی، کیمیکل سے تیار دودھ کی سپلائی ناکام

کراچی(بولونیوز)بھینس کالونی روڈ، شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ فوڈ اتھارٹی نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر میں کیمیکل سے تیار دودھ کی سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

فوڈ اتھارٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران خطرناک کیمیکلز سے تیار کردہ 360 کلو دودھ برآمد کیا گیا، جس کی سپلائی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ محکمہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے دودھ کے نمونے حاصل کیے تھے، جن کی لیبارٹری رپورٹ میں یوریا، شوگر سمیت دیگر مضرِ صحت کیمیکلز کی موجودگی سامنے آئی۔

محکمہ فوڈ اتھارٹی کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام کیمیکلز سے تیار کردہ دودھ کو موقع پر ہی جنگل میں ضائع کر دیا گیا تاکہ عوامی صحت کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *