فردوس کالونی میں غیر قانونی تعمیرات،ایس بی سی اے سمیت دیگرکونوٹس جاری
کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے فردوس کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں فردوس کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ علاقے میں قواعد و ضوابط کے خلاف تعمیرات جاری ہیں اور رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی طور پر پورشنز تعمیر کر کے فروخت کیے جا رہے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کو کس بنیاد پر معلوم ہوا کہ علاقے میں غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں؟ جس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فردوس کالونی میں نقشوں اور منظوری کے بغیر تعمیر شدہ پورشنز کی خرید و فروخت جاری ہے، جو واضح طور پر غیر قانونی ہے۔
عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔


