قتل کے دو سزا یافتہ مجرمان جیل میں محبت کے بعد شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں
بھارت(بولونیوز) ریاست راجستھان میں قتل کے دو سزا یافتہ مجرمان پریا سیٹھ (عرف نیہا سیٹھ) اور ہنومان پرساد جیل میں ملاقات اور محبت کے بعد شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔
راجستھان ہائی کورٹ نے دونوں کو شادی کے لیے 15 دن کی ایمرجنسی پیرول دی ہے، اور دونوں کی شادی آج متوقع ہے۔پریا سیٹھ ایک سابقہ ماڈل ہیں اور وہ دشینت شرما کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ یہ قتل 2018ء میں اغواء اور تاوان کے منصوبے کے تحت کیا گیا تھا، جس میں مقتول کی لاش کو سوٹ کیس میں بند کر کے پہاڑیوں میں پھینک دیا گیا تھا۔ پریا اس وقت سانگانیَر اوپن جیل میں قید ہیں۔
دوسری جانب، ہنومان پرساد ایک انتہائی سنگین مقدمے میں سزا یافتہ مجرم ہیں، جنہوں نے 2017ء میں اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر اس کے شوہر اور چار بچوں کو قتل کر دیا تھا۔ یہ واقعہ الور شہر کے سب سے ہولناک قتل کیسز میں شمار کیا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، دونوں مجرمان کی ملاقات چھ ماہ قبل جیل میں ہوئی، جہاں سے ان کی محبت کی کہانی شروع ہوئی اور اب یہ رشتہ شادی میں بدلنے جا رہا ہے۔


