وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی چار روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے،سندھ حکومت نے استقبال کیا

کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی چار روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، جہاں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی کراچی آمد پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور کارکنان بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے، جبکہ سندھ حکومت کی نمائندگی بھی استقبال کے لیے پہنچی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبائی وزیر سعید غنی نے ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر سعید غنی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے ارکان کو روایتی سندھی تحائف، اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ انہوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ سندھ آمد پر آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کو ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت حاصل ہے۔

دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کو کراچی میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دینے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ہمراہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے بھی بلند کئے-

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *